
نئی دہلی، 9 مارچ (یو این آئی) ایس بی آئی گرین میراتھن کا پانچواں سیشن اتوار کو دارالحکومت دہلی میں مرچی کے تعاون سے کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ آج یہاں سنٹرل سیکرٹریٹ اسپورٹس گراؤنڈ میں منعقدہ اختتامی ریس کو اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کے عہدیداروں نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ میراتھن پانچ کلومیٹر، 10 کلومیٹر اور 21 کلومیٹر کی ریس کیٹیگریز میں منعقد ہوئی۔ اس ریس میں مختلف کیٹیگریز میں کل چھ ہزار رنرز نے حصہ لیا۔ امن سنگھ، تشما سیٹھی، دیپک چھلر، کرن چھلر اور شویتانش دھر جیسے تجربہ کار رنرز نے شرکاء کو فنش لائن عبور کرنے کی ترغیب دی۔اس میراتھن کا مقصد لوگوں میں پائیدار ترقی اور گرین مستقبل کے بارے میں شعور اجاگر کرنا تھا جس میں پورے شہر نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ ملک کے 11 شہروں میں اس کے انعقاد کے بعد آج دارالحکومت دہلی میں اس میراتھن کا کامیابی کے ساتھ اختتام ہوا۔ میراتھن میں ہندوستانی بحریہ اور ہندوستانی فوج کے جوانوں نے شرکت کی۔