
ممبئی، 8 مارچ (یو این آئی)ریاستی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ثقافتی امور ایڈوکیٹ آشیش شیلار اور کانگریس لیڈر راجیو شکلا کو ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل کر لیا گیا ہے۔ آشیش شیلار کی اس تقرری کو کرکٹ کے عالمی منظرنامے میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، جو ان کی کھیل سے گہری وابستگی اور طویل عرصے کی خدمات کا اعتراف ہے۔ایشین کرکٹ کونسل کا قیام ایشیا میں کرکٹ کے فروغ کے لیے عمل میں آیا تھا اور ابتدا میں بھارت، بنگلہ دیش، ملائیشیا، سنگاپور اور سری لنکا اس کے بانی ممالک تھے۔ وقت کے ساتھ، افغانستان، متحدہ عرب امارات، نیپال، عمان، جاپان، ایران اور چین سمیت 30 ممالک اس کا حصہ بن چکے ہیں۔ کونسل کا بنیادی مقصد کرکٹ کو جڑ سے مضبوط کرنا، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت، امپائروں کی مہارت کو نکھارنا اور بین الاقوامی معیار کے 13 سے زائد ٹورنامنٹس کا انعقاد ہے، جن میں انڈر 19 ایشیا کپ، ویمنز ایشیا کپ اور مینز ایشیا کپ شامل ہیں۔ اسی وجہ سے ایشین کرکٹ کونسل کو عالمی سطح پر ایک اہم ادارہ تسلیم کیا جاتا ہے۔بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے آشیش شیلار کی ایشین کرکٹ کونسل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں تقرری کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔