
کولکتہ، 7 مارچ (یو این آئی) تجربہ کار ہندوستانی کرکٹر چتیشور پجارا نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی بھوک اور بھی بڑھ گئی ہے، اگر مجھے موقع ملا تو میں اسے حاصل کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہوں۔جمعرات کو ایک میڈیا کنکلیو میں جب ان سے ہندوستانی ٹیم میں واپسی کے بارے میں پوچھا گیا تو پجارا نے کہا کہ میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہا ہوں۔ موقع ملا تو میں اس کے لئے پوری طرح سے تیار ہوں۔ سیریز میں کھیلنے کی میری بھوک مزید بڑھ گئی ہے۔ جب آپ بڑے ہو جاتے ہیں تو آپ کو اور زیادہ محنت کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا، “ہمارے پاس گیندبازی ہے۔ ہمیں بورڈ پر رنز بنانے کی ضرورت ہے اور ہمارے پاس ایسا کرنے کے لیے کھلاڑی موجود ہیں۔ ہمیں وہاں کی گیندبازی اور حالات کا احترام کرنا ہوگا۔‘‘ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم میں تیسرے نمبر پر مضبوط ستون رہنے والے چیتیشور پجارا اس وقت ہندوستانی ٹیم سے باہر ہیں۔ وہ ٹیم میں واپسی اور مضبوط واپسی کا موقع حاصل کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ہندوستان کو انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہے۔ انڈین پریمیئر لیگ کے بعد شروع ہونے والی یہ ٹیسٹ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 27-2025کا حصہ ہوگی۔ پجارا سوراشٹرا کی رنجی ٹرافی ٹیم کا حصہ ہیں۔ اس سیزن میں انہوں نے چھتیس گڑھ کے خلاف 234 اور آسام کے خلاف 99 رنز بنائے ہیں۔ رنجی ٹرافی میں ان کی کارکردگی ملی جلی رہی ہے۔ ان کا تجربہ اور غیر ملکی پچوں پر کامیابی انہیں ٹیم میں واپسی کا مضبوط دعویدار بناتی ہے۔