
نئی دہلی، 04 مارچ (یواین آئی) ہندوستان 29 مارچ سے شروع ہونے والی دوسری ایشیائی یوگا آسن چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا۔مرکزی وزارتِ کھیل نے آج اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (سائی) اور یوگاآسن بھارت کے تعاون سے 29 سے 31 مارچ تک اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں دوسری ایشیائی یوگ آسن چیمپئن شپ کے انعقاد کا اعلان کیا۔ایشیائی اولمپک کونسل، عالمی یوگا آسن، ایشیائی یوگا آسن اور یوگا آسن اندراپرستھ تنظیم کے تعاون سے اس چیمپئن شپ میں 16 ممالک کے ایتھلیٹس حصہ لیں گے۔ چیمپئن شپ کا مقصد اپنی مالامال وراثت اور گہری ثقافتی اہمیت کو اپناتے ہوئے یوگا آسن کو ایک کھیل کے طور پر بین الاقوامی سطح پر فروغ دینا ہے اور یوگا آسن کو عالمی سطح پر ایک کھیل کے طور پر فروغ دینے اور اولمپک کھیلوں میں شامل کرنے کی سمت ایک روڈ میپ بنانا ہے۔ کھیل کود کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے یوگا کے عالمی سفر کے حوالے سے کہا، "ہندوستان، یوگاکی جنم بھومی ہونے کے ناطے، دوسری ایشیائی یوگا آسن چیمپئن شپ کی میزبانی کرتے ہوئے انتہائی فخر محسوس کر رہا ہے۔ یہ ایونٹ صرف ایک مقابلہ نہیں ہے، بلکہ ہمارے قدیم یوگا کے علم کے جدید مسابقتی کھیل میں تبدیل ہونے کا جشن ہے۔ ہم یوگا آسن کو ایک عالمی کھیل کے طور پر قائم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، یہ چیمپئن شپ اس سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ اس کے ذریعے ہم نہ صرف یوگا آسن کی شاندار مہارت کو ظاہر کر رہے ہیں بلکہ اس کی جسمانی اور ذہنی طور پر زندگی کو بدلنے کی طاقت کو بھی اجاگر کر رہے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ یہ چیمپئن شپ انتہائی کامیاب ہوگی اور ہندوستان کی قیادت میں دنیا بھر میں ہم آہنگی اور متوازن زندگی کے اصولوں کو ایک نیا رخ دے گی۔"اس موقع پر ایشیائی یوگا آسن کے صدر ڈاکٹر سنجے مالپانی نے کہا، "دوسری ایشیائی یوگا آسن چیمپئن شپ یوگا آسن کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ کھیل کے طور پر قائم کرنے کے ہمارے مشن میں ایک فیصلہ کن لمحہ ہے۔