
دبئی، 4 مارچ (یو این آئی) محمد شامی (تین وکٹ)، ورون چکرورتی اور رویندر جڈیجا (دو- دو وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو 49.3 اوور میں 264 رن پر سمیٹ دیا۔ آج یہاں آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری آسٹریلیا کی شروعات انتہائی خراب رہی اور اس نے چار رنز کے اسکور پر کوپر کونوولی (صفر) کا وکٹ گنوا دیا۔ کوپر کونوولی کو محمد شامی نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد کپتان اسٹیو اسمتھ نے ٹریوس ہیڈ کے ساتھ اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ نویں اوور میں ورون چکرورتی نے ٹریوس ہیڈ کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو دوسری کامیابی دلائی۔ ٹریوس ہیڈ نے 33 گیندوں میں پانچ چوکے اور دو چھکے لگاتے ہوئے 39 رنز کی اننگز کھیلی۔ مارنس لابوشین (29) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے رویندر جڈیجہ نے آسٹریلیا کو تیسرا جھٹکا دیا۔ جوش انگلس (11) بھی جڈیجہ کا شکار بنے۔ سنچری کی طرف بڑھ رہے اسٹیو اسمتھ کو محمد شامی نے 37ویں اوور میں بولڈ آؤٹ کیا۔ اسٹیو اسمتھ نے 96 گیندوں میں چار چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 73 رنز کی اننگز کھیلی۔ گلین میکسویل (سات) کو اکشر پٹیل نے بولڈ کیا۔ بین ڈوئرشوس (19) کو چکرورتی نے آؤٹ کیا۔ ایلیکس کیری کو شریس ایئر نے رن آؤٹ کیا۔ ایلیکس کیری نے 57 گیندوں میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا لگاتے ہوئے 61 رنز رن کی اننگز کھیلی۔نیتھن ایلس (10) کو شامی نے نویں وکٹ پر آؤٹ کیا۔ ہاردک پانڈیا، جو آخری اوور کرنے آئے تھے، نے ایڈم زمپا (سات) کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کی اننگز 264 پر سمیٹ دی۔ہندوستان کی جانب سے محمد شامی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ رویندرا جڈیجا، ہاردک پانڈیا اور ورون چکرورتی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ اکشر پٹیل نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔