
نئی دہلی، 3 مارچ (یو این آئی) ڈی ڈی اے الیون نے پیر کو فائنل میچ میں ایم سی ڈی الیون کو شکست دے کر 10 ویں یمنا ٹرافی کا خطاب جیت لیا۔مشرقی دہلی کے یمنا اسپورٹس کمپلیکس میں انڈین میڈیا ویلفیئر ایسوسی ایشن اور آئی ڈی ایچ سی سوسائٹی کے زیر اہتمام ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں ڈی ڈی اے نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ ایم سی ڈی پہلے بلے بازی کرنے آئی لیکن ڈی ڈی اے کے گیند بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں 19.5 اوورز میں 115 رنز تک محدود کر دیا۔ اس کے بعد ڈی ڈی اے نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12.3 اوورز میں 116 رنز بنائے اور میچ آٹھ وکٹوں سے جیت لیا۔ڈی ڈی اے کے لیے رویندر مینا نے 34 گیندوں میں 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے اور انہوں نے 4 اوورز میں 15 رنز دے کر 3 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ مینا کو ان کی آل راؤنڈ کارکردگی پر مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔ چار اوورز میں 15 رن دے کر تین وکٹیں لینے والے وکاس مہلا نے بہترین بولر کا اعزاز حاصل کیا۔