
ناگپور، 2 مارچ (یو این آئی) ودربھ نے فائنل میچ میں رنوں کا پہاڑ کھڑا کرتے ہوئے کیرالہ کو شکست دے کر اتوار کو پہلی اننگز میں ملی برتری کی بنیاد پر رنجی ٹرافی کا خطاب اپنے نام کرلیا۔ کیرالہ اور ودربھ کے درمیان ناگپور میں کھیلا گیا فائنل میچ پانچویں دن برابری پر ختم ہوا۔ ودربھ نے کیرالہ پر پہلی اننگز کی برتری کی بنیاد پر جیت حاصل کی اور اس گھریلو ٹورنامنٹ کا چیمپئن بن گیا۔ ودربھ نے تیسری بار رنجی خطاب جیتا ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 2017-18 اور 2018-19 میں یہ خطاب جیتا تھا۔ ودربھ کے دانش مالیوار کو ان کی شاندار کارکردگی کے لیے ’پلیئر آف دی میچ‘ سے نوازا گیا۔ جبکہ ودربھ کے ہرش دوبے کو ’پلیئر آف دی سیریز‘ کا ایوارڈ ملا۔ودربھ نے کل کے اسکور چار وکٹ پر 249 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ آج میچ کے پانچویں دن صبح کے سیشن میں، کرون نائر نے اپنے کل کے اسکور میں صرف تین رن کا اضافہ کیا تھا کہ آدتیہ سروٹے نے انہیں اظہر الدین کی گیند پر اسٹمپ کر کے پویلین بھیج دیا۔ نائر نے (295) میں 10 چوکے اور دو چھکے لگاتے ہوئے 135 رن کی اہم اننگز کھیلی۔ ہرش دوبے (چار) آؤٹ ہوئے۔ کپتان اکشے واڈکر (25) کو سروٹے نے بولڈ کیا۔ اکشے کارنیوار (30) کو این پی باسل نے بولڈ کیا۔ دونوں کپتانوں کے میچ ڈرا کرنے پر راضی ہوتے وقت ودربھ کا 143.5 اوور میں 9 وکٹ پر 375 رن بنالئے تھے اور درشن نالکنڈے (51 گیند) اور یش ٹھاکر (آٹھ) ناٹ آؤٹ رہے۔ کیرالہ کے لیے آدتیہ سروٹے نے چار وکٹ لیے۔ ایم ڈی ندھیش، جلج سکسینہ، ایڈن ایپل ٹام، این پی باسل اور اکشے چندرن نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔