وراٹ کوہلی نے پاکستان کے خلاف میچ کے لیے سخت پریکٹس کی

دبئی، 22 فروری (یو این آئی) ہندوستانی بلے باز وراٹ کوہلی نے اتوار کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کے خلاف گروپ اے کے میچ کے لیے کافی نیٹ پریکٹس کی۔ وراٹ جو گزشتہ کچھ عرصے سے خراب فارم سے نبردآزما ہیں، بنگلہ دیش کے خلاف چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے اور 22 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ وراٹ اسپنرز کے سامنے بے چینی محسوس کر رہے ہیں اور اس کا ثبوت یہ ہے کہ وہ گزشتہ میچ میں بنگلہ دیش کے رشاد حسین کی گھومتی گیند سے اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ حال ہی میں ورٹ کو انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں عادل رشید کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا، جبکہ اس سے قبل آسٹریلیا کی سیریز میں بھی وہ فاسٹ بولرز سے پریشان تھے اور آف اسٹمپ سے باہر جانے والی گیندوں کو کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے تھے۔ وراٹ اچھی طرح جانتے ہیں کہ کل کا میچ ان کے لیے کتنا اہم ہے اور اسی لیے وہ طے شدہ پریکٹس سیشن سے پہلے ہی دبئی میں آئی سی سی اکیڈمی پہنچ گئے اور پسینہ بہایا۔ انہوں نے اسپن بولنگ کے خلاف پریکٹس کی۔ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم کی پچ باؤلرز کے لیے مددگار ثابت ہوئی ہے۔ وراٹ، جنہیں ہندوستان کی رن مشین کہا جاتا ہے، 2023 سے خراب فارم کے ساتھ جدوجہد کر رہے ہیں۔ اگرچہ اس عرصے کے دوران ان کی کچھ اننگز شاندار رہی لیکن بیٹنگ میں مستقل مزاجی نہ ہونے کی وجہ سے انہیں تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔