
احمد آباد، 19 فروری (یو این آئی) محمد اظہرالدین (ناٹ آؤٹ 177) کی شاندار سنچری کی بدولت کیرالہ نے رنجی ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل کے تیسرے دن بدھ کے روز 457 رنز کا ہمالیائی اسکور بنایا۔کیرالہ نے کل کے اسکور سے سات وکٹ پر 418 رنز پر اپنی اننگز دوبارہ شروع کی۔ صبح کے سیشن میں چنتن گجا نے آدتیہ سروتے (11) کو آؤٹ کر کے کیرالہ کو ان کی آٹھویں وکٹ دلائی ۔ اس کے بعد ایم ڈی ندھیش (پانچ) رن آؤٹ ہوئے۔ تاہم اس دوران محمد اظہرالدین ایک سرے پر کھڑے رہے۔ چنتن گجا نے این پی باسل (1) کو آریہ دیسائی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کراکے کیرالہ کی پہلی اننگز کا خاتمہ کیا۔ آج کیرالہ نے 39 رنز جوڑنے کے بعد تین وکٹ گنوا دیے۔ کیرالہ نے اپنی پہلی اننگز میں 187 اوور میں 457 رنز بنائے۔گجرات کی جانب سے ارجن ناگواس والا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ چنتن گجا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ پریا جیت سنگھ جڈیجہ، وشال جیسوال اور روی بشنوئی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔