محمد اظہر الدین کی ناٹ آوٹ سنچری کی بدولت کیرالہ کا بڑا اسکور

احمد آباد، 18 فروری (یو این آئی) محمد اظہر الدین (ناٹ آؤٹ 149) کی سنچری، سچن بے بی (69) اور سلمان نجار (52) کی نصف سنچریوں کی بدولت کیرالہ نے رنجی ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل کے دوسرے دن منگل کو سات وکٹ پر 418 رن کا بڑا اسکور کھڑا کردیا۔ کیرالہ نے کل کے اسکور چار وکٹ پر 206 رن سے اپنی اننگز دوبارہ شروع کی۔ صبح کے سیشن میں ارجن ناگواس والا نے سچن بے بی (69) کو آؤٹ کر کے گجرات کو پانچویں کامیابی دلائی۔ اس کے بعد سلمان نجار بیٹنگ کے لیے آئے اور محاذ سنبھال لیا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان چھٹی وکٹ کے لیے 149 رن کی شراکت ہوئی۔ وشال جیسوال نے سلمان نجار (52) کو آؤٹ کرکے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ احمد عمران (24) رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ دن کا کھیل ختم ہونے پر کیرالہ نے سات وکٹ پر 418 رن بنا لیے ہیں۔ اسٹمپ کے وقت محمد اظہر الدین (149 ناٹ آؤٹ) اور آدتیہ سروٹے (10 ناٹ آؤٹ) کریز پرموجود تھے۔گجرات کی جانب سے ارجن ناگواس والانے تین وکٹیں حاصل کیں۔ پریا جیت سنگھ جڈیجا، وشال جیسوال اور روی بشنوئی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔