اڈیشہ حکومت قومی کھیلوں میں تمغہ جیتنے والے کھلاڑیوں کو نقد انعامات دے گی

بھونیشور، 15 فروری (یو این آئی) اوڈیشہ حکومت نے اتراکھنڈ میں منعقدہ 38ویں قومی کھیلوں میں تمغے جیتنے والے ریاست کے کھلاڑیوں کے لیے نقد انعامات کا اعلان کیا ہے۔ان کھلاڑیوں میں گولڈ میڈل جیتنے والوں کو 6 لاکھ روپے، سلور میڈل جیتنے والوں کو 4 لاکھ روپے اور کانسے کا تمغہ جیتنے والوں کو 3 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔اوڈیشہ کے کھلاڑیوں نے 38ویں قومی کھیلوں میں کل 46 تمغے جیتے ہیں۔ ان میں سونے کے 14، چاندی کے 15 اور کانسے کے 17 تمغے شامل ہیں۔ ریاست آخری درجہ بندی میں 12 ویں نمبر پر ہے، اور اسے ملک کی ٹاپ 15 ریاستوں میں رکھا ہے۔اڈیشہ کے وزیر کھیل سوریہ ونشی سورج نے کہاکہ "اس سال اڈیشہ نے قومی کھیلوں میں اپنی شناخت بنائی ہے، اور ٹاپ 15 ریاستوں میں اپنی جگہ بنائی ہے۔" انہوں نے کہا کہ 14 گولڈ سمیت 46 تمغے جیتنا ریاست کے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔وزیر نے کہا کہ اڈیشہ کے کھلاڑیوں کی کامیابیوں کے اعتراف میں ریاستی حکومت انہیں نقد انعامات فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارتے رہیں گے تاکہ وہ قومی اور عالمی پلیٹ فارمز پر چمک سکیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق 38ویں قومی کھیلوں میں اوڈیشہ کی نمائندگی کرنے والے کل 302 کھلاڑی اور 75 معاون عملہ تھے۔قابل ذکر کھلاڑیوں میں اسپرنٹر انیمیش کجر نے تین گولڈ میڈل جیتے، جمناسٹ راکیش پاترا نے دو گولڈ میڈل جیتے، جمناسٹ پرنتی نائک نے ایک گولڈ، ایک سلور اور دو برانز میڈل جیتے۔ سائیکلسٹ سواستی سنگھ نے اوڈیشہ کے تمغوں کی تعداد میں ایک سونے، دو چاندی اور دو کانسے کے تمغوں کا اضافہ کیا۔ مزید برآں، اڈیشہ کے کھلاڑیوں نے مختلف زمروں میں نئے ریکارڈ قائم کیے، کھیلوں میں ابھرتی ہوئی قوت کے طور پر ریاست کی پوزیشن کو مزید مستحکم کیا۔