خراب لائٹس کی وجہ سے ہند-انگلینڈ کرکٹ میچ میں خلل ڈالنے پر او سی اے کو وجہ بتاؤ نوٹس

بھونیشور، 10 فروری (یو این آئی) اوڈیشہ حکومت کے محکمہ کھیل نے پیر کو اوڈیشہ کرکٹ ایسوسی ایشن (او سی اے) کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا جب بارابتی اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹ کی خرابی کی وجہ سے اتوار کی رات ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ون ڈے میں خلل پڑا۔او سی اے کے اعزازی سکریٹری کو لکھے گئے خط میں، اسپورٹس ڈائریکٹر سدھارتھ داس نے کہا کہ کٹک کے بارابتی اسٹیڈیم میں ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی (او ڈی آئی) میچ کے دوران فلڈ لائٹ چلی گئی، جس سے کھیل میں خلل پڑا۔داس نے بتایا کہ اس واقعے کی وجہ سے تقریباً 30 منٹ تک کھیل روک دیا گیا، جس سے کھلاڑیوں اور تماشائیوں دونوں کو کافی تکلیف ہوئی۔سپورٹس ڈائریکٹر نے او سی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ خلل کی وجہ سے متعلق تفصیلی وضاحت پیش کرے، غلطیوں کے ذمہ دار افراد یا ایجنسیوں کی نشاندہی کرے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات کا خاکہ پیش کرے۔او سی اے کو وجہ بتاؤ نوٹس موصول ہونے کے دس دن کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کو کہا گیا ہے۔