
نئی دہلی، 9 فروری (یو این آئی) دو بار کی اولمپک تمغہ جیتنے والی پی وی سندھو پٹھوں میں کھچاؤ کی وجہ سے بیڈمنٹن ایشیا مکسڈ ٹیم چمپئن شپ (بی اے ایم ٹی سی) 2025 میں حصہ نہیں لیں گی۔ پی وی سندھو 4 فروری کو گوہاٹی میں تربیتی کیمپ کے دوران زخمی ہو گئی تھیں۔ چوٹ کی وجہ سے سندھو نے ٹورنامنٹ سے اپنا نام واپس لے لیا ہے۔ سوشل میڈیا پر پی وی سندھو نے کہا-’’میں بھاری دل کے ساتھ یہ بتا رہی ہوں کہ میں بی اے ایم ٹی سی- 2025 کے لیے ٹیم کے ساتھ سفر نہیں کروں گی۔گوہاٹی میں 4 تاریخ کو تیاری کے دوران میں نے اپنے ہیمسٹرنگ میں تناؤ محسوس کیا‘‘۔ انہوں نے لکھا-’’ہمارے ملک کے لیے بھاری ٹیپنگ کے ساتھ کھیل جاری رکھنے کی میری کوششوں کے باوجود میرے ایم آر آئی نے ظاہر کیا ہے کہ میری صحت یابی میں توقع سے کچھ زیادہ وقت لگے گا۔ ٹیم کے لیے نیک خواہشات۔ میں یہاں سے ٹیم کو چیئر کروں گی‘‘۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستان نے بیڈمنٹن ایشیا مکسڈ ٹیم چمپئن شپ- 2025 کے لیے 14 رکنی ٹیم کا اعلان کیا تھا جو چین کے چنگ ڈاؤ میں 11 سے 16 فروری تک منعقد ہوگی۔ سندھو اور مالویکا بنسوڈ کو ویمنز سنگلز کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔