
ناگپور، 06 فروری (یو این آئی) رویندر جڈیجہ اور ہرشیت رانا (تین وکٹ) کی شاندار گیندبازی کے بعد شبھمن گل (87)، اکشر پٹیل (52) اور شریاس ایر (59) کی نصف سنچریوں کی بدولت ہندوستان نے جمعرات کو پہلے ون ڈے میچ میں انگلینڈ کو 68 گیندیں باقی رہ کر چار وکٹ سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ انگلینڈ کے 248 رنز کے جواب میں بیٹنگ کرنے آئی ہندوستانی ٹیم کی شروعات خراب رہی اور اس نے صرف 19 رنز پر دو وکٹ گنوا دیے۔ کپتان روہت شرما (دو) اور یشسوی جیسوال (15) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد شبھمن گل اور شریاس ایر نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 94 رنز کی شراکت ہوئی۔ جیکب بیتھل نے اس شراکت کو 16ویں اوور میں ایل بی ڈبلیو کرکے توڑ دیا۔ شریاس آئیر نے 36 گیندوں پر 59 رنز کی اننگز کھیلی جس میں نو چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آئے اکشر پٹیل نے گل کا بھرپور ساتھ دیا۔ دونوں کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے 108 رنز کی مضبوط شراکت ہوئی۔ فتح کی جانب گامزن ہندوستانی ٹیم نے 34ویں اوور میں اکشر پٹیل کو بولڈ کرکے شراکت توڑ دی۔ اکشر پٹیل نے 47 گیندوں میں چھ چوکے اور ایک چھکا لگا کر (52) رنز بنائے۔ کے ایل راہل (دو) کو عادل رشید نے اپنی ہی گیند پر کیچ کر کے ہندوستان کو پانچواں جھٹکا دیا۔ اس کے بعد ثاقب محمود نے سنچری کی جانب بڑھنے والے شبھمن گل کو بٹلر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر ہندوستان کو بڑا دھچکا دیا۔ گل نے 96 گیندوں پر 14 چوکوں کی مدد سے 87 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ ہندوستان نے 38.4 اوورز میں چھ وکٹوں پر 251 رنز بنانے کے بعد یہ میچ چار وکٹوں سے جیت لیا۔ رویندرا جڈیجہ (12) اور ہاردک پانڈیا (9) رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ جڈیجہ نے ثاقب محمود کی گیند پر فاتحانہ چوکا لگایا۔ انگلینڈ کی جانب سے ثاقب محمود اور عادل رشید نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جوفرا آرچر اور جبیک بیتھل نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس سے پہلے آج یہاں ودربھ کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے کپتان جوس بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کی جانب سے بلے بازی کے لیے آنے والے فل سالٹ اور بین ڈکٹ کی اوپننگ جوڑی نے شاندار آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 75 رنز کی شراکت قائم کی۔ وکٹ کیپر کے ایل راہل نے نویں اوور میں فل سالٹ کو رن آؤٹ کرکے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ فل سالٹ نے 26 گیندوں میں پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 43 رنز بنائے۔ اگلے ہی اوور میں ہرشیت رانا نے بین ڈکٹ (32) کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کو دوسرا جھٹکا دیا۔ اسی اوور میں ہرشیت نے ہیری بروک (0) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو تیسری کامیابی دلائی۔ 19ویں اوور میں رویندرا جڈیجہ نے جو روٹ (19) کو ایل بی ڈبلیو کر کے پویلین بھیج دیا۔ 36ویں اوور میں ہرشیت رانا نے لیام لیونگسٹن (پانچ) کو وکٹ کیپر کے ایل راہل کے ہاتھوں کیچ کروا کر ہندوستان کو چھٹی کامیابی دلائی۔ محمد شامی نے 40ویں اوور میں بریڈن کارس (پانچ) کو آؤٹ کیا۔ 43ویں اوور میں رویندرا جڈیجہ نے جیکب بیتھل (51) کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کی بڑا سکور بنانے کی امیدوں کو جھٹکا دیا۔ جڈیجہ نے عادل رشید (آٹھ) کو بولڈ کرکے انگلینڈ کو نواں جھٹکا دیا۔ 48ویں اوور کی چوتھی گیند پر کلدیپ یادو نے ثاقب محمود (دو) کو وکٹ کیپر کے ایل راہل کے ہاتھوں کیچ کروا کر انگلینڈ کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ کپتان جوش بٹلر (52)، جیکب بیتھل (51) اور فل سالٹ (43) کی فائٹنگ اننگز کی بنیاد پر انگلینڈ اسکور 248 تک پہنچا سکا۔ جوفرا آرچر 21 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان کی جانب سے ہرشیت رانا اور رویندرا جڈیجہ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ اکشر پٹیل، محمد شامی اور کلدیپ یادیو نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔