
سڈنی، 6 فروری (یو این آئی) آسٹریلیا کے آل راؤنڈر مارکس اسٹوئنس نے فوری اثر سے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیا ہے، اس کے ساتھ وہ آئندہ چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو گئے ہیں۔اسٹوئنس کو چیمپیئنز ٹرافی کے لیے آسٹریلیا کی ٹیم میں زخمی کیمرون گرین کی جگہ منتخب کیا گیا تھا۔ اس فیصلے کی وجہ سے وہ آئندہ چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو گئے ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے جمعرات کو کہا کہ اسٹوئنس ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے انتخاب کے لیے دستیاب ہوں گے اور ان کا یہ اقدام ٹی 20 کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے اسٹوئنس نے کہا، ’’آسٹریلیا کے لیے ایک روزہ کرکٹ کھیلنا ایک حیرت انگیز سفر رہا ہے اور میں ہرے اور سنہرے میدانوں پر گزارے گئے ہر لمحے کے لیے شکر گزار ہوں۔ اتنے بڑے مرحلے پر اپنے ملک کی نمائندگی کرنا ایک اعزاز ہے جسے میں ہمیشہ یاد رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی آسان فیصلہ نہیں تھا لیکن میرا ماننا ہے کہ یہ میرے لیے ون ڈے کرکٹ سے دور رہنے اور اپنے کیریئر کے اگلے باب پر پوری توجہ مرکوز کرنے کا صحیح وقت ہے۔اسٹوئنس کی ریٹائرمنٹ پر، آسٹریلیائی ٹیم کے ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے کہا، "اسٹوئنس گزشتہ ایک دہائی سے ہمارے ایک روزہ سیٹ اپ کا ایک اہم حصہ رہے ہیں۔ وہ نہ صرف ایک انمول کھلاڑی رہے ہیں بلکہ ٹیم میں شامل ہونے والے ایک بہترین شخص اور مقبول کھلاڑی بھی ہیں۔ انہیں ان کے ون ڈے کیریئر اور ان کی تمام حصولیابیوں کے لیے مبارکباد دی جانی چاہیے۔‘‘35 سالہ اسٹوئنس اب ٹی ٹوئنٹی کرکٹ پر توجہ مرکوز کریں گے اور اس فارمیٹ میں آسٹریلیا کے لیے دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے 2017 میں آکلینڈ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 146 ناٹ آؤٹ کی بہترین کارکردگی کے ساتھ 71 ون ڈے میچوں میں 26.69 کی اوسط سے 1495 رنز بنائے اور 43.12 کی اوسط سے 48 وکٹیں بھی حاصل کیں۔