دھامی نے سائیکلنگ مقابلے کے فاتحین کو تمغے دے کر اعزاز سے نوازا

ردرپور/نینی تال، 06 فروری (یو این آئی) وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے اتراکھنڈ میں جاری قومی کھیلوں کے درمیان جمعرات کو رودر پور میں سائیکلنگ مقابلے کے فاتحین میں تمغے تقسیم کئے۔قبل ازیں چیف منسٹر نے شیوالک ویلڈروم میں جاری ٹریک سائیکلنگ کا لطف اٹھایا۔ انہوں نے ویلڈروم ٹریک پر سائیکل چلانے کا بھی لطف اٹھایا۔مسٹر دھامی نے 4000 میٹر کی دوڑ میں سونے، چاندی اور کانسہ کے تمغے جیتنے والوں کو تمغوں سے نوازا اور انہیں پہاڑی ٹوپیاں بھی پیش کیں۔ وزیراعلیٰ نے کھلاڑیوں کے ساتھ لنچ بھی کیا۔انہوں نے نیشنل گیمز کے کامیاب انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 20 ہزار لوگ اس میں بالواسطہ اور بلاواسطہ حصہ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری پوری ریاست کے لئے بڑے فخر کا لمحہ ہے۔مسٹر دھامی نے کہا کہ رودر پور میں تعمیر کیا گیا ویلڈروم حیرت انگیز ہے۔ کھلاڑیوں نے بھی خوب لطف اٹھایا اور خوب داد دی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کئی جگہوں پر کثیر مقصدی ہال بنائے گئے ہیں اور کھٹیما کے چکر پور میں رافٹنگ مقابلہ منعقد کیا جانا ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری ریاست  میں 11 مختلف مقامات پر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے جو کہ اپنے آپ میں لاجواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل گیمز ہماری ریاست کے نوجوانوں اور کھلاڑیوں کے لیے یقیناً متاثر کن ثابت ہوں گے۔اس کے بعد وزیر اعلیٰ 46ویں بٹالین پی اے سی پہنچے اور فیتہ کاٹ کر شاٹ گن اور اسکیٹ مقابلے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ انہوں نے شوٹنگ میں بھی ہاتھ آزمایا۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ نے اپنے آبائی گاؤں کھٹیما میں لوگوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے ۔