مانڈویہ نے ہندوستانی دیویانگ کرکٹ ٹیم کو اعزاز سے نوازا

نئی دہلی، 24 جنوری (یو این آئی) نوجوانوں کے امور اور کھیل کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے جمعہ کو پی ڈی چیمپئنز ٹرافی 2025 جیتنے پر ہندوستانی دیویانگ کرکٹ ٹیم کو اعزاز سے نوازا۔ کھیلوں میں شمولیت کے وزیر اعظم نریندر مودی کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے ڈاکٹر مانڈویہ نے دیویانگ کھلاڑیوں کی حمایت کے لیے حکومت کے عزم پر زور دیتے ہوئے کہا، "محترم وزیر اعظم نریندر مودی نے دیویانگ کھلاڑیوں کے تئیں عزم کا یقین دلایا ہے۔ اگر آپ معذور ہیں تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ ملک کا سر فخر سے بلند نہیں کر سکتے۔ آپ کی جیت اس کا ثبوت ہے۔ سخت انتخابی عمل سے لے کر سری لنکا میں کارکردگی تک ہندوستانی پی ڈی کرکٹ ٹیم کا جذبہ آپ کی بے پناہ صلاحیتوں کو اجاگر کرتا ہے۔ چھ میں سے پانچ میچ جیتنا اور انگلینڈ، سری لنکا اور پاکستان کو ہرانا کوئی چھوٹی کامیابی نہیں ہے۔قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ادے پور میں 28 ریاستوں کے 450 کھلاڑیوں سے 17 رکنی ٹیم کا انتخاب کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر مانڈویہ نے کہا، "ہمارے 'دیویانگ ایتھلیٹ ہمیں فخر کرنے کی بہت سی وجوہات دے رہے ہیں اور ہمیں ان کی طرف اپنا تعاون بڑھانے کی ترغیب دے رہے ہیں۔ حکومت آپ کے ساتھ ہے اور آپ کو اپنی کامیابی کو مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔ آج یہاں منعقدہ تقریب میں پوری ٹیم، کوچز، ڈی سی سی آئی کے سکریٹری جنرل روی کانت چوہان، سویم کے بانی صدر سمینو جندل اور وزارت کھیل کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔