
نئی دہلی، 13جنوری(یو این آئی) چھتیس گڑھ میں پہلی مرتبہ پروفیشنل گولف ٹور آف انڈیا (پی جی ٹی آئی) کا آغاز 11 فروری سے ٹولی گنج کلب، کولکاتہ میں ہوگا۔ بعدازاں سیزن کے پہلے نصف حصے میں فروری سے لے کر اپریل تک لگاتار 11ہفتوں تک گولف کے مقابلے ہوں گے جس کی مجموعی انعامی رقم 15.66 کروڑروپے (انڈین اوپن کو چھوڑ کر) ہوگی۔2025 سیزن کے پہلے نصف کے لئے اس پرکشش اور دلچسپ شیڈول کا اعلان یہاں لیجنڈری کرکٹر اور پی جی ٹی آئی کے چیئرمین کِپل دیو نے کیا۔ کِپل دیو نے کہا کہ ہم پی جی ٹی آئی میں سیزن کے پہلے نصف کا اعلان کرتے ہوئے بہت پرجوش ہیں جس میںگزشتہ برس کے مقابلے زیادہ ایونٹس اور پیشہ ور افراد کے لئے زیادہ انعامی رقومات مختص کی گئی ہےں۔پی جی ٹی آئی نے اب تک ہندوستان میں 16 ریاستوں، 2 مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور قومی دارالحکومت کے زیر انتظام علاقہ دہلی میں تقریبات کا انعقاد کیا ہے۔ چھتیس گڑھ اوپن کی تنظیم کے ساتھ پی جی ٹی آئی پہلی بار ریاست چھتیس گڑھ میں داخل ہوگا، اس طرح اس کا دائرہ ہندوستان کی 17 ریاستوں تک پھیل جائے گا۔چھتیس گڑھ کے نائب وزیر اعلی ارون سا نے چھتیس گڑھ میں آئندہ ہونے والی گولف چمپئن شپ پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ اس سے ریاست کے کھلاڑیوں میں کھیل کے تئیں جوش و جنون پیدا ہوگا اورزیادہ سے زیادہ لوگ اس میں شرکت کریں گے۔نئی تقریبات نئے ٹائٹل اسپانسرشپ کے تحت منعقد ہوں گی جس میں چھتیس گڑھ کی حکومت، انڈوروما وینچرز (دنیا کی معروف پیٹرو کیمیکل پروڈیوسر) اور ۔کیلنس (ایک اینڈ ٹو اینڈ ٹیکنالوجی کنسلٹنگ فرم جو اب رئیل اسٹیٹ میں بھی کام کر رہی ہے)شامل ہوں گی۔سیزن کے پہلے نصف کی اہم جھلکیوں میں چار نئے ایونٹس کا اضافہ کیا گیا ہے جس میںچھتیس گڑھ اوپن گولف چمپئن شپ (انعامی رقم: 1 کروڑ روپے، بمقام: فیئر وے گولف اینڈ لیک ریزورٹ، نیا رائے پور)،پی جی ٹی آئی انویٹیشنل (انعامی رقم: 1.5 کروڑ روپے، بمقام: جے پی گرینز گولف ریزورٹ، گریٹر نوئیڈا)،انڈوروما اوپن گولف چمپئن شپ (انعامی رقم: 2 کروڑ، بمقام: کلہار بلیوز اینڈ گرینز، احمد آباد)اورکیلنس اوپن (انعامی رقم: 1 کروڑ،بمقام: دہلی این سی آر)شامل ہیں۔اس موقع پر انڈورما کے ایگزیکٹو ڈائرکٹر مسٹر وشال لودھا،وکٹریئس چوائس کے مالک مسٹر راہل مہتہ اوکیلینس کے سی ای او مسٹر امت گووِل نے پی جی ٹی آئی کے بارے میں مفید معلومات فراہم کیں۔