وزیر اعظم مودی یوکرین دورے پر پہنچے،صدر زیلنسکی کے ہمراہ کیف میں شہید بچوں کو خراج عقیدت پیش کیا

کیف،23؍اگست۰ایجنسی)وزیر اعظم نریندر مودی پولینڈ کے دورے کے بعد یوکرین کے دورے پر پہنچ گئے ہیں۔ جہاں انہوں نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے ہمراہ کیف میں شہید بچوں کو یاد کیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ خیال رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان ڈھائی سال سے جاری جنگ کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کو یوکرین پہنچے۔ وزیر اعظم مودی جمعرات کی رات پولینڈ سے روانہ ہوئے تھے اور 10 گھنٹے ٹرین کے سفر کے بعد ہندوستانی وقت کے مطابق صبح 10 بجے کیف پہنچے۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے شہید بچوں کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور شہید بچوں کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔ قبل ازیں، دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے سے ملاقات کی اور یوکرین میں جاری تنازعہ اور اس کے نتائج پر تبادلہ خیال کیا۔ رپورٹ کے مطابق، صدر زیلنسکی نے وزیر اعظم مودی کو یوکرین کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔