پیرس، 24 جولائی ۔ اولمپک ای اسپورٹس گیمز 2025 میں سعودی عرب میں منعقد ہوں گے۔ منگل کو بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے جاری 142 ویں سیشن کے دوران اس کی تصدیق کی گئی۔آئی او سی کے صدر تھامس باک نے کہا، ’’یہ حقیقت میں آئی او سی کے لیے ایک نیا دور ہے۔ آئی او سی سیشن کے ذریعہ اولمپک ای اسپورٹس گیمز کے قیام کی تصدیق کے ساتھ، ہم ڈیجیٹل انقلاب کی رفتار کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔‘‘آئی او سی نے 12 جولائی کو اعلان کیا تھا کہ اس نے سعودی عرب کی قومی اولمپک کمیٹی (این او سی) کے ساتھ 2025 میں ملک میں افتتاحی اولمپک اسپورٹس گیمز کی میزبانی کے لیے شراکت داری کی ہے، جس کی متفقہ طور پر آئی او سی ایگزیکٹو بورڈ نے توثیق کی ہے۔ باک نے کہا، ’’ہمارے ای اسپورٹس کمیشن میں نمائندگی کرنے والی ای اسپورٹ کمیونٹی نے جوش و خروش سے اس اقدام میں حصہ لیا ہے۔ یہ اولمپک برانڈ کی کشش اور نوجوانوں میں اس کی اقدار کا مزید ثبوت ہے۔انہوں نے کہا، ’’سعودی عرب کا این او سی اس پروجیکٹ کے لیے ای اسپورٹس کے میدان میں بہت اچھا تجربہ لائے گا۔ یہ شراکت داری اولمپک چارٹر اور اولمپک اقدار پر مبنی ہے۔‘‘