محرم کے پیش نظر ریاست میں سخت سکیورٹی انتظام

جن جن جگہوں میں فرقہ وارانہ فساد ہوئے وہاں سخت چوکسی ، 
ڈی جی پی نے تمام پولس حکام کو کڑی نظر رکھنے کی ہدایت دی 
سوشل میڈیا پر ہو گی انتظامیہ کی نظر ، افواہوں پر دھیان نہیں دینے کی اپیل 
الحیات نیوز سروس 
رانچی،15؍جولائی: ڈی جی پی اجے کمار سنگھ نے 17 جولائی کو ہونے والے محرم کے دوران ریاست میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر سوموارکو ایک جائزہ میٹنگ کی۔ تمام علاقائی آئی جی، ڈی آئی جی، ایس ایس پی، ایس پی نے ہیڈ کوارٹر کے آڈیٹوریم سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے محرم کے حوالے سے پوری ریاست میں ٹھوس حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔ میٹنگ کے دوران ڈی جی پی نے ریاست کے تمام حساس اضلاع میں اضافی پولیس دستوں کی تعیناتی پر تبادلہ خیال کیا۔ ان اضلاع میں جہاں ماضی میں فرقہ وارانہ واقعات ہوئے ہیں۔ ان اضلاع میں خصوصی چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت۔ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے لیے ریاست کے مختلف اضلاع میں اضافی دستے تعینات کیے جا رہے ہیں۔ تمام پولیس اہلکاروں کو جلوس کے دوران باڈی پروٹیکٹرز اور دیگر فسادات پر قابو پانے کا سامان اپنے ساتھ رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔تمام اضلاع کے ایس ایس پی اور ایس پی کو سوشل میڈیا پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تاکہ سماج دشمن عناصر افواہیں نہ پھیلا سکیں۔ کسی بھی قسم کی افواہ پھیلانے والوں کے خلاف فوری طور پر تصدیق اور کارروائی کرنے کو کہا گیا ہے۔ تمام تھانوں میں مقامی امن کمیٹی کے اجلاس منعقد کرکے اگر کوئی جھوٹی یا گمراہ کن خبر ملے تو فوری طور پر ضلعی انتظامیہ یا اپنے قریبی تھانے کو اطلاع دیں تاکہ امن کمیٹیوں کو نوٹس لے کر ضروری کارروائی کی جاسکے تھانوں میں ہونے والے اجلاسوں میں نشاندہی کی گئی جگہوں پر جہاں گزشتہ برسوں میں فرقہ وارانہ واقعات ہوئے تھے، اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ انہوں نے تمام اضلاع میں پہلے سے زیر التوا مقدمات کو جلد از جلد انجام دینے کی بھی ہدایت کی۔ حساس علاقوں میں فوٹو گرافی اور ویڈیو گرافی اور ڈرون نگرانی پر زور دیا گیا۔ محرم کے جلوس کو پہلے سے طے شدہ روٹ پر ہی نکالنے اور روٹ پر آنے والے مذہبی مقامات اور چوراہوں پر کڑی نظر رکھنے اور جلوس کے روٹ کی باہمی ہم آہنگی سے فزیکل طور پر تصدیق کرنے کی ہدایات دی گئیں۔