ومبلڈن جیتنے کے بعد الکاراز نے کہا - یہ ٹرافی جیتنا میرے لیے ایک خواب ہے

نئی دہلی، 15 جولائی ۔ ہسپانوی ٹینس اسٹار کارلوس الکاراز نے کہا کہ ومبلڈن کا خطاب جیتنا ان کے لیے ایک خواب ہے۔ الکاراز نے اتوار کی رات لندن کے سینٹر کورٹ میں نوواک جوکووچ کو 6-2، 6-2، 7-6 (7-4) سے شکست دے کر اپنا مسلسل دوسرا ومبلڈن خطاب جیتا۔
میچ کے بعد الکاراز نے کہا کہ وہ آگے بھی کھیلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینٹر کورٹ پر کھیلنا اور ٹرافی جیتنا ایک’شاندار احساس‘ تھا۔
الکاراز نے اے ٹی پی کی آفیشل ویب سائٹ کے حوالے سے کہا، ”یہ ٹرافی جیتنا میرے لیے ایک خواب ہے… میں آگے بھی کھیلنا چاہتا ہوں لیکن اس خوبصورت کورٹ پر کھیلنا اور اس حیرت انگیز ٹرافی کو اٹھانا ایک شاندار احساس ہے۔ یہ سب سے خوبصورت ٹورنامنٹ ، سب سے خوبصورت کورٹ اور سب سے خوبصورت ٹرافی ہے۔“
ہسپانوی ٹینس کھلاڑی نے کہا کہ انہوں نے جوکووچ کے خلاف 2024 ومبلڈن فائنل میں پرسکون اور مثبت رہنے کی کوشش کی۔ انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ یہ ایک مشکل میچ تھا۔
انہوں نے کہا ”یہ میرے لیے مشکل میچ تھا۔ میں نے پرسکون رہنے کی کوشش کی، میں نے ٹائی بریک میں جانے والی اس صورتحال میں مثبت رہنے کی کوشش کی اوراپنی بہترین ٹینس کھیلنے پر توجہ مرکوز کی۔ میں بس یہی سوچ رہا تھا۔ میں واقعی میں خوش ہوں کہ آخر کار میں حل تلاش کر سکا اور میں اس پوزیشن میں ہونے سے خوش ہوں“۔
ہسپانوی ٹینس کھلاڑی نے ومبلڈن 2024 کے فائنل میں اچھی شروعات کی اور سربین لیجنڈ جوکووچ کے خلاف پہلا سیٹ 6-2 سے جیت لیا۔ پہلا سیٹ یکطرفہ رہا اور الکاراز نے اسے 41 منٹ میں جیت لیا۔
الکاراز نے اپنی رفتار کو برقرار رکھا اور دوسرا سیٹ بھی 6-2 سے جیت لیا۔ جوکووچ دوسرے سیٹ میں جدوجہد کرتے ہوئے واپسی کرنے میں ناکام رہے۔
سربیا کے ٹینس کھلاڑی نے تیسرے سیٹ میں واپسی کی کوشش کی لیکن الکاراز نے آسانی سے ہمت نہیں ہاری۔ جوکووچ نے تیسرے سیٹ میں اچھی شروعات کی اور اپنے حریف کو سخت مقابلہ دیا لیکن اسپینارڈ نے مقابلہ کیا اور میچ کو ٹائی بریک میں لے جانے پر مجبور کردیا۔ الکاراز نے اپنا حوصلہ برقرار رکھا اور ٹائی بریک 7-4 سے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔