
نئی دہلی، 11 جولائی۔ اولمپکس کے لیے 30 رکنی ہندوستانی ایتھلیٹکس ٹیم اپنی تیاریوں کے آخری مرحلے میں بیرون ملک تین مختلف مقامات پر تربیت حاصل کرے گی اور ٹریک اور فیلڈ مقابلوں کے آغاز سے چار دن پہلے 28 جولائی کو پیرس میں جمع ہوگی۔ پولینڈ میں اسپالا میں اولمپک اسپورٹس سینٹر، ترکیہ میں انطالیہ اور سوئٹزرلینڈ میں سینٹ مورٹز وہ تین غیر ملکی مقامات ہیں جہاں ہندوستانی کھلاڑی اپنی تیاریوں کے آخری مرحلے میں تربیت حاصل کریں گے۔چیف کوچ رادھا کرشنن نائر نے بدھ کو کہا، ’’قومی ایتھلیٹکس ٹیم کے ارکان اولمپک گیمز کی تیاری کے لیے مختلف مقامات پر تربیت حاصل کریں گے، لیکن انہیں 28 جولائی کو پیرس میں جمع ہونا پڑے گا۔‘‘اولمپک اور عالمی چیمپئن بھالا پھینک کھلاڑی نیرج چوپڑا ترکیہ کے شہر انطالیہ میں قیام کریں گے۔نائر نے کہا کہ چوپڑا پہلے ہی ترکیہ پہنچ چکے ہیں اور وہ 28 جولائی کو پیرس پہنچیں گے۔ عالمی ایتھلیٹکس روڈ ٹو پیرس سسٹم میں ان کی درجہ بندی کی بنیاد پر لانگ جمپر جیسون ایلڈرین اور 500 میٹر رنر انکیتا دھیانی کی شمولیت کے ساتھ ہی ہندوستانی ایتھلیٹکس ٹیم میں 30 ممبر ہوگئے ہیں۔چار ریس واکر - اکشدیپ سنگھ، پرمجیت سنگھ بشٹ، وکاس سنگھ، سورج پنوار - اور ٹرپل جمپر عبداللہ ابوبکر موجودہ میں بنگلورو میں اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے مرکز میں ہیں، جبکہ اویناش سابلے اور پارول چوہدری سوئٹزرلینڈ کے سینٹ مورٹز میں تربیت حاصل کریں گے۔ 4x400m ریلے ٹیم کے تمام اراکین (مرد اور خواتین) جمعرات کو پولینڈ کے لیے روانہ ہوں گے۔ چار ایتھلیٹس – کشور کمار جینا (جیولین تھرو)، جیوتی یاراجی (100 میٹر رکاوٹ دوڑ)، جیسون ایلڈرین (لمبی چھلانگ) اور پروین چتراول (ٹرپل جمپ) – اس ہفتے کے شروع میں پولینڈ پہنچے۔