4.50 لاکھ بے گھر غریب خاندانوں کیلئے مکانات کی تعمیر کی جلد منظوری: ڈاکٹر عرفان انصاری

الحیات نیوز سروس 
    رانچی،09؍جولائی:دیہی ترقی، دیہی اموراور پنچایتی راج کے وزیر عرفان انصاری نے منگل کو جھارکھنڈ کی وزارت میں چارج سنبھال لیا۔ انہوں نے پروجیکٹ بھون کے فرسٹ فلور آفس میں چارج سنبھالا۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وقت بہت کم ہے اور کام بہت زیادہ ہے۔ ایسی حالت میں کام 24x7کرنا پڑے گا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی الو العزم اسکیم ابو ا آواس یوجنا کے تحت موجودہ مالی سال میں 4.50 لاکھ بے گھر غریب خاندانوں کو مکانات تعمیر کرکے فراہم کرنے کا ہدف ہے۔ قدیم قبائلی علاقوں کی دیہی سڑکوں کو سڑکوں سے جوڑنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ گرام سڑک یوجنا کے تحت جن دیہاتوں کو ابھی تک سڑک سے نہیں جوڑا گیا ہے انہیں جلد ہی سڑک کے ذریعے جوڑا جائے گا۔ ریاست میں دیہی پلوں اور کنوؤں کی تعمیر سمیت برسا ہرت گرام یوجنا کے تحت ایک لاکھ ایکڑ اراضی کو سیراب کیا جائے گا۔
افسران نے استقبال کیا
اس موقع پر پنچایتی راج محکمہ کے پرنسپل سکریٹری ونے چوبے، دیہی ترقی کے سکریٹری کے۔ سری نواسن، منریگا کمشنر راجیشوری بی، سی ای او جے ایس ایل پی ایس سندیپ سنگھ، پنچایتی راج ڈائرکٹر نشا اورائوں اور دیگر سینئر انتظامی افسران نے باضابطہ طور پر محکمہ کے وزیر سے ملاقات کی اور ان کا خیرمقدم کیا اور انہیں مبارکباد دی۔ 
وزیر دیہی ترقی بدھ کو محکمانہ اسکیموں کا جائزہ میٹنگ بھی منعقد کریں گے۔