جھارکھنڈ میں ہیمنت کابینہ کی توسیع، 11 نئے وزراء شامل

الحیات نیوز سروس 
رانچی، 08 جولائی: جھارکھنڈ میں ہیمنت سورین حکومت کی توسیع کرتے ہوئے آج 11 نئے کابینہ وزراء کو شامل کیا گیا۔ گورنر سی پی رادھا کرشنن نے آج راج بھون کے برسا پویلین میں منعقدہ ایک سادہ تقریب میں جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے چمپائی سورین، دیپک بروا، حفیظ الحسن انصاری، متھیلیش کمار ٹھاکر، بیبی دیوی، ویدیا ناتھ رام، کانگریس کے کوٹہ سے ڈاکٹر رامیشور اوراوں، بنا گپتا، عرفان انصاری، دیپیکا پانڈے سنگھ اور راشٹریہ جنتا دل کے ستیانند بھوکتا کو کابینہ کے وزراء کے عہدے اور رازداری کا حلف دلایا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، ایم پی سرفراز احمد، مہوا مانجھی، سکھ دیو بھگت، سابق مرکزی وزیر سبودھ کانت سہائے، کانگریس کے جھارکھنڈ انچارج غلام احمد میر اور ریاستی حکومت کے سینئر انتظامی اور پولیس افسران موجود تھے۔جھارکھنڈ میں وزیر اعلیٰ سمیت 12 وزراء کی تقرری کا آئینی انتظام ہے اور اس بار وزیر اعلیٰ سمیت 12 وزراء کی تقرری کی گئی ہے۔ سابق وزیر اعلی چمپائی سورین کو بھی اس بار کابینی وزیر بنایا گیا ہے۔ جھارکھنڈ کی تاریخ میں یہ پہلا واقعہ ہے جب کسی سابق وزیر اعلیٰ کو وزیر بنایا گیا ہے۔ تاہم ملک کی دیگر ریاستوں میں بھی ایسے ہی واقعات ہوئے ہیں۔