
نئی دہلی، 4 جولائی (یو این آئی) ٹی -20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد جمعرات کی صبح وطن واپس لوٹنے والی ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ان کی سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کی۔بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدر راجر بنی اور سکریٹری جے شاہ نے وزیراعظم کو نمو ون کی جرسی پیش کی۔ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ارکان آج صبح خصوصی طیارے 'چیمپیئنز ورلڈ کپ 24' سے دارالحکومت کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر جیسے ہی اترے وہاں مداحوں کی بڑی تعداد نے ٹیم کا شاندار استقبال کیا۔ اس کے بعد ٹیم کو پہلے ایک خصوصی بس میں سی ٹی سی موریا ہوٹل میں ٹھہرایا گیا اور اس کے بعد وزیر اعظم کی رہائش گاہ سات لوک کلیان مارگ لایا گیا۔وزیر اعظم کے دفتر کی طرف سے جاری کی گئی ویڈیو میں روہت شرما کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم کے ارکان کو ٹی-20 ورلڈ کپ کرکٹ ٹرافی کے ساتھ جوش اور ولولے کے ساتھ مسٹر مودی سے ملاقات کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ کھلاڑیوں نے وزیر اعظم سے بات چیت کے دوران امریکہ اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے اپنے تجربات شیئر کیے اور ہلکے پھلکے ہنسی مذاق کرتے ہوئے نظر آئے۔روہت شرما اور ٹیم کے کوچ راہل دراوڈ نے وزیر اعظم مودی کو ٹرافی سونپی۔
ہندوستانی ٹیم نے ٹرافی اور وزیر اعظم کے ساتھ تصاویر بھی کھنچوائیں۔ اس میٹنگ کے دوران بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کے صدر راجر بنی اور سکریٹری جئے شاہ نے وزیر اعظم مودی کو نمو ون جرسی پیش کی۔مسٹرمودی سے ملاقات کے بعد ہندوستانی ٹیم طے شدہ پروگرام کے مطابق نئی دہلی سے ممبئی کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔اس سے قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم پربورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی جانب سے پوسٹ کی گئی ویڈیو کے مطابق آج صبح آئی جی آئی ایئرپورٹ پہنچی ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما اپنے ہاتھوں میں لے کر باہر آئے۔ اس کے بعد روہت نے وہاں موجود مداحوں کی بڑی تعداد کو ٹرافی کی جھلک دکھا کر خوشی کا اظہار کیا۔ اس کے بعد جب کرکٹ ٹیم آئی ٹی سی موریا پہنچی تو وہاں ڈھول نگاڑوں کے ساتھ ان کا استقبال کیا گیا۔ اس دوران کپتان روہت شرما سمیت کئی کھلاڑی ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے نظر آئے۔بی سی سی آئی کی جانب سے پوسٹ کی گئی ویڈیو میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ٹرافی کے ساتھ سفر سے لطف اندوز ہوتے ہوئے نظر آئے۔ قابل ذکر ہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ہندوستانی کرکٹ ٹیم بارباڈوس میں سمندری طوفان بیرل کی وجہ سے پھنس گئی تھی۔ طوفان کے تھمنے کے بعد ٹیم آج خصوصی طیارے کے ذریعے وطن واپس پہنچی۔