الحیات نیوز سروس
رانچی،23؍مئی: ٹینڈر کمیشن گھوٹالہ کی جانچ کر رہی ای ڈی نے اب جھارکھنڈ کے دو وزراء کو طلب کیا ہے۔ ای ڈی نے جھارکھنڈ حکومت کے وزراء بادل پترلیک اور حفیظ الحسن کو سمن بھیجا ہے۔ دونوں وزراء کو 25 مئی کو پوچھ گچھ کے لیے رانچی میں ای ڈی کے زونل دفتر میں بلایا گیا ہے۔دونوں وزراء سے پوچھ گچھ سے ایک دن پہلے 24 مئی کو ای ڈی سابق دیہی ترقی سکریٹری منیش رنجن سے پوچھ گچھ کرے گی۔ ای ڈی نے دیہی ترقی کمیشن معاملے میں لینڈ ریونیو اور بلڈنگ سکریٹری منیش رنجن کو سمن جاری کیا ہے۔ جانچ کے دوران ای ڈی کو ایکسل سیٹ پر منیش نامی شخص کے بارے میں معلومات ملی۔ یہ کوئی اور نہیں بلکہ آئی اے ایس افسر منیش رنجن ہیں۔ای ڈی ٹینڈر گھوٹالہ کی جانچ کر رہی ہے اور اس نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ 3000 کروڑ روپے کا بڑا گھوٹالہ ہے۔ ای ڈی نے دیہی ترقی کے وزیر عالمگیر عالم کو ٹینڈر کمیشن گھوٹالہ معاملے میں گرفتار کیا تھا۔ ای ڈی نے کچھ دستاویزات ضبط کیے ہیں جن سے پتہ چلا ہے کہ عالمگیر عالم اور محکمہ کے دیگر بیوروکریٹس کٹوتی اور کمیشن حاصل کرتے تھے۔محکمہ دیہی ترقی کے ٹینڈرز سے ایک مقررہ کمیشن سینئروزراء سمیت اعلیٰ عہدیداروں کو بھیجا گیا۔ 6 مئی کو ای ڈی نے وزیر کے پی ایس سنجیو لال اور ان کے نوکر جہانگیر عالم کی رہائش گاہ پر چھاپے کے دوران 37.54 کروڑ روپے کی نقدی ضبط کی تھی۔ جو محکمہ دیہی ترقی کے ذریعہ الاٹ کردہ ٹینڈروں میں کمیشن سے حاصل ہونے والی آمدنی تھی۔