فکر کی بات نہیں ، دراوڑ وقت پرلوٹ آئیں گے: شاستری

بنگلورو، 23 اگست (یو این آئی) ہندوستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ روی شاستری نے ان کے جانشین راہل دراوڑ کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد آج کہا کہ فکرکرنےکی کوئی بات نہیں ہے اور وہ کورونا کو شکست دے کر ہندوستان-پاکستان میچ مقابلے کے لئے لوٹ آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ اس سے زیادہ فرق پڑے گا۔ آج اسے کووڈ-19 نہ کہیں، وہ صفر فلو ہے۔ دراوڑ تین چار دنوں میں صحت یاب ہونے کے بعد میدان پر لوٹ آئیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ راہل دراوڑ ٹیم کے متحدہ عرب امارات روانہ ہونے سے قبل منگل کو کورونا سے متاثر پائے گئے تھے۔ ہندوستان کے کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کو امید ہے کہ راہل دراوڑ کورونا سے صحت یاب ہونے کے بعد ہندوستانی ٹیم میں شامل ہوں گے۔ وہ فی الحال بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں ہیں۔شاستری نے کورونا کے سلسلے میں یہ بھی کہا کہ اگر ہندوستانی ٹیم انگلینڈ کی ٹیسٹ سیریز کا پانچواں اور آخری میچ 2021 میں ہی کھیلتی تو وہ سیریز جیت سکتی تھی۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان 2021 میں پانچویں ٹیسٹ کے انعقاد کے لیے کوششیں کی گئی تھیں لیکن کورونا وائرس کے متعدد کیسز کی وجہ سے اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ یہ میچ بالآخر جولائی 2022 میں کھیلا گیا، جس میں انگلینڈ نے جیت کر سیریز 2-2 سے برابر کر دی۔شاستری نے کہا کہ جب مجھے گزشتہ سال کورونا انفیکشن ہوا تھا تو میں چھ دنوں میں ڈریسنگ روم میں لوٹ سکتا تھا۔ میں اعتماد کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ اگر میں چھ سات دنوں میں ڈریسنگ روم میں واپس آتا اور وہ میچ ہم اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلتے تو ہم وہ میچ جیت جاتے۔ اب کورونا کی بات نہ کریں، یہ صرف فلو ہے۔ دو پیراسیٹامول لیں اور آپ انڈیا بمقابلہ پاکستان میچ کے لیے میدان میں واپس آ جائیں گے۔