ہاکی کا5 ایس فارمیٹ پسند آیا: راحیل

نئی دہلی، 7 جون (یو این آئی) پہلا ایف آئی ایچ ہاکی 5 ایس ٹائٹل جیتنے والے ہندوستانی ٹیم کے نوجوان فارورڈ محمد راحیل نے منگل کو کہا کہ وہ ہاکی کے چھوٹے فارمیٹ میں کھیلنا پسند کرتے ہیں۔پانچ میچوں میں 10 گول کرنے والے 25 سالہ راحیل کو ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ گول کرنے پر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔ٹورنامنٹ میں ہندوستان کے حملے کی قیادت کرنے والے راحیل نے کہاکہ سب سے پہلے ہندوستان کے لیے کھیلنا بہت خوشگوار احساس ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ میں ٹیم میں اپنا حصہ ڈال سکا۔ یہ بہت اچھا تجربہ تھا اور مجھے کھیل کا یہ فارمیٹ بہت پسند آیا۔راؤنڈ رابن مرحلے میں سرفہرست رہنے والی ہندوستانی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی۔ ہندوستان نے ٹورنامنٹ کا آغاز 4-3 کی جیت کے ساتھ کیا اور دن کے دوسرے میچ میں پاکستان کے ساتھ 2-2 سے ڈرا کھیلا۔اس کے بعد اتوار کو ہندوستان نے ملائیشیا اور پولینڈ کو بالترتیب 7-3 اور 6-2 سے شکست دی۔پانچوں میچوں میں ہندوستان کے لیے گول کرنے والے راحیل نے پولینڈ کے خلاف فائنل میچ میں دو گول کیے تھے۔ ہندوستان نے یہ میچ 6-4 سے جیتا۔ٹورنامنٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے راحیل نے کہا کہ یہ ایک نیا تجربہ تھا۔ میچز تیز رفتاری سے چل رہے تھے لیکن ہم نے ہر میچ کے ساتھ اپنے کھیل کو بہتر کیا اور کئی گول اسکور کیے۔ ہم نے پیری میٹر بورڈز کا زیادہ استعمال کرنا شروع کیا اور اس سے میچ ختم کرنے کے طریقے میں بہتری آئی۔ ہم نے ایک ٹیم کے طور پر بہت اچھا کھیلا۔ ہم اتنے طویل عرصے کے بعد تماشائیوں سے بھرے میدان میں کھیل رہے تھے، اس لیے اس نے تجربہ کو مزید یادگار بنا دیا۔