کپتانی میری زندگی پر برااثر ڈال رہی تھی: روٹ

لندن، 6 جون (یو این آئی) لارڈز کے میدان پر سنچری اسکور کرنے پر جو روٹ کے ردعمل سے واضح ہورہاتھا کہ وہ کتنے جذباتی ہوگئے تھے۔روٹ کے ناٹ آوٹ 115 رن ان کی زندگی کی 26ویں ٹیسٹ سنچری تھی اور چوتھی اننگ میں پہلی۔ اس سنچری کے ساتھ ہی انہوں نے انگلینڈ کے لیے ہوم سیزن کو شاندارطریقے سےشروع کیا اور 10 ماہ قبل ہندوستان کے خلاف ہیڈنگلے میں ملی جیت کے بعد کی خشک سالی ختم کی۔شاید سب سے بڑی بات یہ تھی کہ یہ روٹ کا واپس ایک عام کھلاڑی بننے کے بعد پہلی سنچری تھی۔ انہوں نے پانچ سال اورریکارڈ 64 ٹیسٹ میچزمیں انگلینڈ کی کپتانی کی لیکن ایشز میں 4-0 اور ویسٹ انڈیز میں 1-0 سے ہارنے کے بعد ان کی کپتانی میں ٹیم نے آخری 17 ٹیسٹ میں ایک ہی جیتاتھا۔ انہوں نے اتوارکو اپنی اننگ کے بعد کہا، ’’کپتانی اورمیرارشتہ مشکل ہونے لگاتھا۔ کپتانی نے میری ذاتی صحت اور زندگی پر برااثر ڈال دیاتھا۔ میں سب کچھ میدان پر نہیں چھوڑ پاتاتھا اوریہ میرے خاندان یامیرے قریبی لوگوں کے لئے اچھانہیں تھا۔ میں نے کوشش کی کہ ہم بطور ٹیم اپنی قسمت بدل سکیں لیکن پھر مجھےایسا لگا کہ اس کو قدرے مختلف طریقے سے کرنا ہوگا۔ اب میں یہ کرنے کے لیے بہت پرجوش ہوں اور چاہتا ہوں کہ بین اسٹوکس کے ساتھ اس ٹیم کو ان بلندیوں تک پہنچادوں جس کی وہ مستحق ہے۔" اگرچہ روٹ کی کپتانی میں ٹیم کی حالیہ کارکردگی مایوس کن رہی ہو لیکن ان کی انفرادی فارم غیر معمولی رہی۔ 2021 میں، انہوں نے 61 کی اوسط سے 1708 رنز بنائے، جو محمد یوسف کے ایک سال میں سب سے زیادہ رنز کے عالمی ریکارڈ سے صرف 80 رنز کم ہے۔ ایشز میں ان کے اسکور کچھ کم تھے لیکن اس کے بعد انہوں نے اینٹیگا اور بارباڈوس میں لگاتار سنچریوں کے ساتھ 2022 میں گزشتہ سال کی فارم کو برقرار رکھنے کے آثار دکھائے۔ انہوں نے ابتدائی طور پر ٹیم کی کمان سنبھالے رکھنے کی بات کی تھی تاہم دورہ ویسٹ انڈیز سے واپسی کے بعد کرکٹ سے وقفہ لینے کے بعد انہوں نے کپتانی سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیاتھا۔انہوں نے کہا، ’’میں نے پوری کوشش کی تھی لیکن شاید میں سمجھ نہیں پایاتھا کہ کپتانی کا بوجھ کتنا بھاری ہوتاتھا۔ مجھےمحسوس ہوا کہ میرا فیصلہ درست تھا اوریہ فیصلہ کرنے کے بعد ہی مجھے لگا ایک بڑابوجھ ہٹ گیا ہے۔ کپتانی ایک اعزاز کی بات تھی لیکن اب یہ میرے لئے زندگی کا ایک نیاپڑاوہے۔ میرا اچھا دوست اب ٹیم کی ذمہ داری لے چکا ہے اوراس نے شاندارشروعات کی ہے اورمستقبل کے تعلق سے میں بہت پرجوش ہوں۔"