ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023 کا فائنل لارڈز میں کھیلا جا سکتا ہے

لندن، 4 جون (یو این آئی) ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کو آخرکار لارڈس کے تاریخی میدان پراپنا فائنل مل سکتا ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اس وقت لارڈز میں فائنل میچ کے انعقاد پر غور کر رہی ہے۔گزشتہ سال کھیلا گیا ڈبلیو ٹی سی کا فائنل میچ لارڈز میں کھیلا جانا تھا لیکن کوروناوبا کے باعث اسے ساؤتھمپٹن میں کھیلا گیا۔ اس دوران یوکے میں کورونا سے متعلق پابندیاں ہٹائی جا رہی تھیں۔ ساتھ ہی ساؤتھمپٹن کے گراؤنڈ پر ہوٹل ہونے سے کھلاڑیوں کو بایو ببل میں رکھنا آسان ہوتا۔ ہندوستان کو شکست دے کر نیوزی لینڈ پہلا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن بناتھا۔اب جب کہ یوکے میں کورونا وائرس کی تمام پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں اور بائیو ببل سے راحت دی جارہی ہے، آئی سی سی کو امید ہے کہ وہ لارڈز میں فائنل کا انعقادکرپائے گی۔ آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز چائے کے وقفے کے دوران بی بی سی کے ٹیسٹ میچ اسپیشل پروگرام میں موجود تھے۔ انہوں نے کہا، ’’مجھے لگتاہے کہ یہ (فائنل میچ) ہماری توقع کے مطابق لارڈز کے لئے مقررہے۔انہوں نے مزید کہا، "جون کا مہینہ ہونے کی وجہ سے دیگر میدان ویسے ہی ممکنہ میزبانوں کی فہرست سے باہرہوجاتے ہیں۔ ہم کووڈ سے باہر آچکے ہیں۔ ارادہ یہی ہے کہ اگر ہم تمام ایونٹس کرپائے تو یہ میچ لارڈس میں ہی کھیلاجائے گا۔اس فیصلے کو حتمی شکل دینے سے پہلے ابھی کچھ کام کرنا باقی ہے۔ تاہم، آئی سی سی اگلے ماہ اپنے سالانہ اجلاس میں مقام کا اعلان کرنے کی امید کر رہی ہے۔