بھگت، جوشی، رام داس کو طلائی تمغہ، ہندوستان نے کل 17 تمغے جیتے

دبئی، 30 مئی (یو این آئی) پیرالمپک میں ہندوستان کے لئے طلائی تمغہ جیتنے والے پرمود بھگت اور موجودہ عالمی چیمپئن مانسی جوشی کی قیادت میں فضا دبئی انٹرنیشنل پیرا بیڈمنٹن 2022 میں یہاں اتوار کو ہندوستان نے کل 17 تمغے جیتے ہیں۔بھگت اور جوشی نے ایک ایک سونے کا تمغہ جیتا، جبکہ منیشا رامداس نے خواتین کے سنگلزایس یو5 اور خواتین کے ڈبلزایس ایل 3-ایس یو5 میں مندیپ کور کے ساتھ دو طلائی تمغے حاصل کئے ۔ اس کے علاوہ کور نے بھی خواتین کے سنگلز ایس ایل 3 میں چاندی کا تمغہ جیتا۔بھگت نے فائنل میں 61 منٹ کا ایک اور لمبا مقابلہ کھیلتے ہوئے ہم وطن نتیش کمار کو 19-21، 21-17، 21-17 سے شکست دی۔ جیت کے بعد بھگت نے کہا، "سیمی فائنل میں ایک طویل میچ کھیلنے کے بعد، میں فائنل کو دو گیمز میں ہی ختم کرنا چاہتا تھا۔ بحرین میں مقابلے آسان ہوتے تھے۔ مجھے یہاں اپنی فارم تلاش کرنے میں وقت لگا، اس لیے میں نے کچھ گیمز بھی ہارے۔ دوسرے گیم میں نتیش جلد پوائنٹس حاصل کرنا چاہتے تھے لہذا یہ پلان کے مطابق ہوا۔انہوں نے کہا، “دبئی ایک اچھا ایونٹ تھا، مجھے لگتا ہے کہ میں فارم میں واپس آ رہا ہوں۔ پیرا اولمپک گیمز کے بعد میری کارکردگی اتار چڑھاؤ سے بھری ہوئی تھی۔ میں یہاں اپنے کھیل کا تجزیہ کرنے اور مسلسل ٹریننگ کی جانب واپس آنے کے ارادے سے آیا تھا۔رام داس کے ساتھ اپنی جوڑی کے بارے میں، بھگت نے کہا، "منیشا اور میں ساتھ مل کراچھامظاہرہ کرسکتے ہیں۔ ہمیں اب مل کرٹریننگ کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ اب بھی سنگلز پلان کے ساتھ کھیل رہی ہیں اور ڈبلز کے لیے خود کو تیار کرنے میں انہیں کچھ وقت لگے گا۔خواتین کے سنگلز ایس ایل 3 میں، جوشی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہم وطن کور کو 43 منٹ کے مقابلے میں 16-21، 24-22، 21-14 سے شکست دی۔ جوشی نے کہا، میں نے فائنل کا لطف اٹھایا۔ میں ہر کھیل کے ساتھ بہتر ہوتی جارہی تھی اور میں ان اہم جارحانہ شاٹس کے ساتھ میچ کا رخ موڑنے پر خوش ہوں۔ جارحانہ کھیل جیت کی کنجی رہی؛ مندیپ مجھ سے تیز کھیلتی ہیں اس لیے میں نے زیادہ اٹیک کرنے اور کھیل میں تیزی سے آگے بڑھنے کی کوشش کی۔ جوشی نے مکسڈ ڈبلزایس ایل3-ایس یو5 ایونٹ میں روتھک رگھوپتی کے ساتھ کانسےکا تمغہ بھی جیتا۔دریں اثنا، بحرین پیرا بیڈمنٹن انٹرنیشنل کے بعد، رامداس ایک بار پھر دو گولڈ میڈل کے ساتھ ٹورنامنٹ ختم کرنے کے لیے پرجوش تھیں۔ رامداس نے جاپان کے پیرالمپک برونزمیڈلسٹ اکیکو سوگینو کو 21-17، 21-11 سے شکست دی۔ اس سے پہلے، انہوں نے کور کے ساتھ جوڑی بناکر ایشین پیرا گیمز کی برونز میڈلسٹ نپادڈا سینسوپا اور چنیدا سریناواکل کی تھائی جوڑی کو 21-9، 21-13 سے ہرایاتھا۔رامداس نے کہا، میں یہاں دو گولڈ جیت کر بہت خوش ہوں۔ پچھلے دنوں جوٹائٹل جیتے ہیں اس نے مجھے بہت زیادہ اعتماد دیا ہے۔ میں ہر میچ کے ساتھ سیکھ رہی ہوں اور تمام ٹاپ کھلاڑیوں کو دیکھ کر مجھے اچھا کھیلنے کی طاقت ملتی ہے۔اس دوران ایشین پیرا گیمز چیمپئن ترون ڈھلون کو انڈونیشیا کی فریڈی سیتیاوان کے ہاتھوں 11-21، 21-9، 21-23 سے شکست کے بعد چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔ انہوں نے مینز ڈبلزکے ایس ایل3- ایس ایل4 میں نتیش کے ساتھ مل کر کانسے کا تمغہ بھی جیتا ہے۔ شکست کے بعد ڈھلون نے کہا، ’’یہ مجھے کچھ دیر کے لیے پریشان کرنے والا ہے۔ ایک بار جب میں 20 پوائنٹس تک پہنچ گیا، میں نے گیم پر اپنی گرفت ڈھیلی کردی اور یہی وہ وقت تھا جب فریڈی نے مجھے ایک کمزور حریف کے طور پر دیکھا۔ فریڈی نے مجھے وہ ایک پوائنٹ لینے نہیں دیا اور ایک کے بعد ایک پوائنٹس جیتتے چلے گئے۔ یہ ایک بڑا سبق تھا۔"خواتین کے سنگلز ایس ایچ 6 میں نوجوان نتیا سیرے سمتی سیوان کے فاتحانہ سلسلے کو 21-13، 21-10 کے ساتھ جیت کرانڈونیشیائی رینا مارلینا نے روکا۔ دوسری طرف سیوان نے خواتین کے ڈبلز ایس ایچ 6 میں رچنا شیلیش کمار پٹیل کے ساتھ طلائی تمغہ جیت کر اس کی تلافی کی۔