تھامس کپ فاتح ٹیم کے کوچ وجے دیپ کو ڈی سی نے اعزاز سے نوازا

جالندھر، 28 مئی (یو این آئی) سابق بین الاقوامی کھلاڑی اور 73 برسوں میں پہلی بار تھامس کپ جیتنے والی ہندوستانی بیڈمنٹن ٹیم کے کوچ وجے دیپ سنگھ کو ہفتہ کے روزجالندھر پہنچنے پر ضلع کے ڈپٹی کمشنر اور ڈی بی اے کے سربراہ گھنشیام تھوری نے اعزاز سے نوازا۔تھوری نے کہا کہ تھامس کپ کی فاتح ٹیم نے پوری دنیا میں ہندوستانی بیڈمنٹن کا نام روشن کیا ہے۔ اس کاسہرا کوچ وجے دیپ کی بہترین کوچنگ اور کھلاڑیوں کی محنت کے سرجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی بیڈمنٹن ٹیم نے تھامس کپ جیت کر تاریخ رقم کی ہے۔ اس دوران کوچ وجے دیپ سنگھ نے تھامس کپ سے متعلق دلچسپ لمحات بھی ڈی سی گھنشیام تھوری کے ساتھ شیئرکیے۔ ڈی سی نے نیشنل چیمپئن (انڈر 19) ابھینو ٹھاکر کو ڈی بی اے کی جانب سے 21 ہزار روپے فراہم کیے اورساتھ ہی کہا کہ مستقبل میں بھی ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ انہوں نے ابھینو کو کھیل پر پوری توجہ مرکوز کرنے کی ترغیب دی۔ ڈی سی گھنشیام تھوری سے ملاقات سے پہلے کوچ وجے دیپ سنگھ نے رائے زادہ ہنسراج اسٹیڈیم کا دورہ بھی کیا اور کھلاڑیوں کو بیڈمنٹن کی ٹپس بھی دئے۔ کوچ وجے دیپ سنگھ نے کہا کہ ہنسراج اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں کومہیا کی جارہی سہولیات پورے شمالی ہندوستان میں بہترین ہیں اور اس کے لیے ڈی بی اے کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ وجے دیپ ہنسراج اسٹیڈیم کے بنیادی ڈھانچے سے بہت متاثر ہوئے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ بیڈمنٹن ایسوسی ایشن (ڈی بی اے) کے سیکرٹری اور سابق قومی کھلاڑی رِتن کھنہ بھی موجود تھے۔