راہل کا اصل امتحان بنگلورکے خلاف ہوگا: کیف

ممبئی، 25 مئی (یو این آئی) ہندوستان کے سابق بلے باز محمد کیف کا ماننا ہے کہ لکھنؤ سپر جائنٹس کے کپتان کے ایل راہل کی فارم کا اصل امتحان رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف ایلیمینیٹر میچ میں ہوگا۔لکھنؤ اور بنگلورو بدھ کو ایڈن گارڈنز میں آئی پی ایل 2022 کے ایلیمینیٹر میں آمنے سامنے ہوں گے۔راہل نے آئی پی ایل 2022 میں دو سنچریوں اور تین نصف سنچریوں کی بدولت 48.82 کی اوسط سے 537 رن بنائے ہیں۔ راہل نے اس سیزن میں اچھی بلے بازی کی ہے لیکن ان کی تمام سنچریاں اور نصف سنچریاں پہلی اننگ میں آئی ہیں۔راہل کی بلے بازی کا تجزیہ کرتے ہوئے کیف نے کہا، ’’میرے مطابق کے ایل راہل کپتانی اننگ کھیلنا چاہتے ہیں اور وہ خود پر بہت دباؤ لے لیتے ہیں۔ اگر آپ فارم میں ہیں تو آپ کوہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بھی ویسے ہی بلے بازی کرنی چاہیے جیسی آپ پہلے بلے بازی کے دوران کرتے ہیں۔ ڈی کاک آپ کے ساتھ کھیل رہے ہیں اور ان کا کام جارحانہ انداز میں کھیلنا ہے، لیکن آپ کا کام آخری اوور تک کھیلنا ہے۔ راہل تعاقب کرتے ہوئے دباؤ میں نظر آتے ہیں۔ اس کی وجہ سے وہ کئی بار آؤٹ بھی ہو چکے ہیں لیکن وہ ایک شاندار بلے باز ہیں۔ ان کے پاس فارم ہے، صبر ہے اوروہ آخر تک کھیلنا جانتے ہیں۔ وہ ہر سمت میں شاٹ مارسکتے ہیں۔ گرچہ وہ شروع میں وقت لیتے ہیں لیکن انہیں میچ ختم کرنا آتا ہے۔ کیف نے کہا کہ آج کے میچ میں لکھنؤ کی جیت کا انحصار ان کے کپتان پر ہوگا۔سپر جائنٹس کے پاس بہت سے آل راؤنڈر ہیں، جو انہیں بیٹنگ اور باؤلنگ میں گہرائی فراہم کرتے ہیں۔ اس پر بات کرتے ہوئے کیف نے کہا کہ اسی وجہ سے لکھنؤ کی گیند بازی بنگلور سے بہتر ہے۔انہوں نے کہا، ’’بنیادی طور پر لکھنؤ کی بولنگ بہتر ہے اور آر سی بی کافی کمزور ہے۔ محمد سراج گزشتہ میچ میں باہرہوگئے تھے اور ان کی جگہ سدھارتھ کول کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا اور انہوں نے 4 اوور میں 40 رن دیے جو کافی مہنگا ہے۔ ایڈن گارڈن کی پچ پرہیزل ووڈ کے علاوہ آر سی بی کی گیند بازی بہت کمزور ہے۔ لکھنؤ کی بولنگ بہتر ہے، اس لیے آر سی بی کو اپنی بلے بازی سے بہتر کارکردگی دکھانی ہوگی۔۔ ، زیادہ چھکے لگانے ہوں گے، تب ہی وہ آج کا میچ جیت سکیں گے۔ یہ ایک بڑی لڑائی ہے!"