ہرشل پٹیل لکھنؤ کے خلاف ایلیمنیٹر کے لیے فٹ ہوئے

کولکاتہ، 25 مئی (یو این آئی) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2022 کے ایلیمنیٹر میچ سے قبل رائل چیلنجرز بنگلور کے ماہر ڈیتھ گیند باز ہرشل پٹیل فٹ ہو گئے ہیں۔اس سے ان کے خیمے نے راحت کی سانس ضرورلی ہوگی۔ رائل چیلنجرز بنگلور کی طرف سے جاری کردہ ویڈیو میں ہرشل نے میچ سے ایک دن پہلے کہا، ’’میرا ہاتھ اب ٹھیک ہے۔ ٹانکے کھل چکے ہیں اور انہوں نے میرے ہاتھ پر پٹی باندھ دی ہے۔ باؤلنگ کے دوران سب کچھ ٹھیک رہا۔ 24 گھنٹے آرام کے بعد میں میچ کھیلنے کے لیے تیار ہو جاؤں گا۔گجرات ٹائٹنز کے خلاف بنگلور کے آخری میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے ہرشل کا دایاں ہاتھ زخمی ہو گیا تھا۔ ان کے ہاتھ سے خون بہہ رہا تھا اور وہ میدان چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ اس کے بعد وہ بولنگ کے لیے میدان میں نہیں اترے اور پلے آف میں ان کی شمولیت پر سوالیہ نشان اٹھ کھڑے ہوئے تھے۔ تاہم ان تمام سوالات کو خارج کرتے ہوئے ہرشل نے بتایا کہ وہ لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف میچ کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔31 سالہ ہرشل آر سی بی کے اہم گیند بازوں میں سے ایک ہیں۔ 2021 میں انہیں ٹریڈ کرتے ہوئے دہلی کیپٹلز سے خریدا گیا تھا۔ بنگلورو کے ذریعہ دکھائے گئے اعتماد پر پوراترتے ہوئے ہرشل نے دو سیزن میں 50 وکٹ اپنے نام کیے ہیں۔ پچھلے سیزن میں پرپل کیپ اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ وہ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ بھی رہے تھے۔بنگلورو کرکٹ کے ڈائریکٹر مائیک ہیسن ہرشل کے تجربے اور مہارت کی قدر جانتے ہیں۔ آر سی بی کے بولڈ ڈائریزویڈیو پر، ہیسن نے کہا، "ہرشل نے اپنی توقعات کے مطابق پرفارم کیا ہے۔ وہ دباؤ بناتے ہیں اور وکٹیں لیتے ہیں۔ انہیں ڈیتھ اوورز میں گیند بازی کرنا پسند ہے جو ہر کوئی نہیں کر سکتا۔کیا لکھنؤ کے خلاف کرو یا مرو کے میچ میں ٹیم کے کھیلنے کے انداز میں کوئی تبدیلی آئے گی؟ ہرشل ایسا نہیں سوچتے۔ انہوں نے کہا، ’’ہم اسی طرح تیاری کریں گے جس طرح ہم نے پچھلے 14 میچوں کے دوران کی تھی۔ پلے آف میچ ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ کچھ نیا کرنے کی کوشش کریں گے۔ ہمارا طریقہ کار اور تیاریاں وہی رہیں گی۔ یہ لگاتار تیسرا سیزن ہے جب بنگلورو نے پلے آف میں جگہ بنائی ہے۔ گزشتہ دونوں سیزن میں ایلیمنیٹر میں شکست کے بعد اس سال ٹیم آخر تک جانا چاہے گی۔ اس بارتو قسمت نے بھی اس ٹیم کا ساتھ دیا جب ممبئی انڈینز نے دہلی کیپٹلز کو شکست دے کر بنگلور کو پلے آف کا ٹکٹ دلایا۔ہرشل نے کہا،ممبئی انڈینس اور دہلی کیپٹلس کے درمیان میچ نے ٹیم میں جوش وخروش بھر دیا ہے۔ ہم منزل کی طرف ایک ایک قدم بڑھائیں گے۔ مجھے امید ہے کہ ہم کچھ خاص کردکھائیں گے۔