ممبئی، 20 مئی (یو این آئی) آسٹریلیا کے سابق آل راؤنڈر شین واٹسن کا خیال ہے کہ آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیائی کپتان ایرون فنچ کی خراب فارم کا اثر ٹیم کی کارکردگی پر بھی پڑ سکتا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ فنچ کی ٹیم میں جگہ صرف اس لیے یقینی نہیں ہونی چاہیے کہ وہ کپتان ہیں۔فنچ کی فارم گزشتہ کچھ عرصے سے اچھی نہیں رہی ہے۔ پاکستان میں انہوں نے نصف سنچری بنا کر فارم میں واپسی کا عندیہ دیا تھا لیکن آئی پی ایل میں انہوں نے پھر مایوس کیا ہے۔ انہوں نے اس سیزن میں کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کے لیے پانچ اننگز میں صرف 86 رن بنائے ہیں، جس میں 58 رن کی اننگ شامل ہے۔آسٹریلیا نے فنچ کی کپتانی میں گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا تھا۔ انہیں نئے کوچ اینڈریو میکڈونالڈ اور قومی سلیکٹر جارج بیلی کی بھی حمایت حاصل ہے۔ تاہم واٹسن کا کہنا ہے کہ اگر فنچ کی فارم برقرار رہی تو انہیں ٹیم میں بھی نہیں ہونا چاہیےگریڈ کرکٹر پوڈ کاسٹ پر بات کرتے ہوئے، واٹسن نے کہا، "ہم نے آئی پی ایل میں جو کچھ دیکھا، اس سے یہ واضح ہے کہ وہ اپنی فارم کے قریب بھی ہیں۔ انہوں نے مائنڈ سیٹ کے ساتھ جوبھی کیا ہولیکن وہ اپنی بہترین کارکردگی سے بہت دورہیں۔ اگران کی یہی فارم جاری ریتی ہے تو صرف کپتانی کی وجہ سے انہیں ٹیم میں جگہ نہیں ملنی چاہیے۔ انہیں اسی طرح سے باہر کا راستہ دکھادینا چاہیے، جیسے آئی پی ایل میں کولکاتہ نے دکھایا ہے۔"