ڈھاکہ، 19 مئی (یو این آئی) بنگلہ دیش کے بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز شریف الاسلام کوچٹگاوں میں سری لنکاکے خلاف میچ کے چوتھے روز داہنے ہاتھ میں چوٹ لگی ہے۔اس انجری کے باعث شریف الاسلام سری لنکا کے خلاف کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ ایکسرے سے فریکچر کا انکشاف ہوا ہے اور یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ شریف الاسلام چار سے پانچ ہفتوں تک کرکٹ نہیں کھیل پائیں گے جس کی وجہ سے انہیں 16 جون سے شروع ہونے والی ویسٹ انڈیز سیریز کے پہلے ٹیسٹ سے بھی باہر رہناپڑسکتاہے۔سلیکٹرز نے 23 مئی سے ڈھاکہ میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کے لیے ایک غیر تبدیل شدہ اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے شریف الاسلام کی جگہ کسی اورکھلاڑی کو ٹیم میں شامل نہیں کیا ہے۔فزیو واجد الاسلام نے جمعرات کو بی سی بی کی ایک ریلیز میں کہا، ’’بلے بازی کے دوران شریف الاسلام کو دائیں ہاتھ میں چوٹ آئی۔ چوتھے دن کے کھیل کے بعد کیے گئے ایکسرے میں فریکچرکے بارے میں پتہ چلا ہے۔ وہ چارسے پانچ ہفتوں تک کھیلنے کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ کاسُن رجیتا کی ایک شارٹ پچ ڈلیوری کوکھیلتے ہوئے شریف الاسلام کو یہ چوٹ لگی۔ اس کے بعد فزیو ایک دو بار ان کی مدد کے لیے میدان میں آئے لیکن شریف الاسلام نے بیٹنگ جاری رکھی۔ چار اوورز کے بعد، وہ رجیتا کی گیند پربڑا شاٹ لگانے گئے اوردرد سے کراہتے ہوئے نیچے گرگئے۔ بالآخر انہیں ریٹائرہرٹ ہونا پڑا۔ بنگلہ دیش کی اننگ یہیں پر 465 رنوں کے مجموعی اسکور پر ختم ہوگئی۔ بنگلہ دیش پہلے ہی سے کھلاڑیوں کی انجری سے لڑ رہا ہے۔ تسکین احمد اور مہدی حسن معراج ٹیم میں نہیں ہیں۔ اگلے ماہ بنگلہ دیش کے دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے بھی تسکین کی شرکت تشویش کا باعث ہے۔ اس ماہ کے شروع میں کندھے کی چوٹ کے لئے لندن کے ایک ماہرسے رابطہ کرنے والے تسکین کا اس وقت علاج جاری ہے۔ اس لیے سلیکٹرز نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا ہے کہ آیا ان پر ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹیسٹ کے لیے غور کیا جائے گا یا نہیں۔ بنگلہ دیش کی ٹیم جولائی کے وسط تک دو ٹیسٹ، تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے کھیلنے کے لیے 5 جون کو ویسٹ انڈیز کا دورہ کر سکتی ہے۔