لکھنؤ کی نظریں پلے آف کی جگہ یقینی بنانے پر

پونے، 6 مئی (یو این آئی) لکھنؤ سپر جائنٹس اور کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کے درمیان ہفتہ کوایم سی اے اسٹیڈیم، پونے میں ہونے والے ہونے والے آئی پی ایل میچ میں لکھنؤ کی نظریں پلے آف میں جگہ بنانے پر ہوں گی۔ کولکاتہ بھی اپنا دعویٰ مضبوط کرنے کے لئے اس مقابلے کو جیتناچاہے گا جو اس کے لیے بہت مشکل کام لگتا ہے۔ لکھنؤ 10 میچوں میں سات جیت اور 14 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں دوسرے نمبر پر ہے جبکہ کولکاتہ 10 میچوں میں چار جیت اور آٹھ پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے۔لکھنؤ کے کپتان کے ایل راہل 10 میچوں میں 145.01 کے اسٹرائیک ریٹ سے 451 رن بناکراس سیزن میں رن بنانے کے معاملے میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ کے ایل راہل نے کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کے گیند بازوں کے سامنے 75.33 کی اوسط اور 134.52 کے اسٹرائیک ریٹ سے 226 رنز بنائے ہیں۔لکھنؤ کے تیز گیند باز محسن خان پچھلے کچھ سیزن سے ممبئی انڈینز کا حصہ تھے۔ انہوں نے اس سیزن میں لکھنؤ سپر جائنٹس کے لیے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے چار میچوں میں 6.07 کی اکانومی اور 10.62 کی اوسط سے وکٹیں حاصل کیں ہیں جواس سیزن کی بہترین باؤلنگ اوسط ہے۔ انہوں نے 30 ٹی20 میں 6.95 کی اکانومی سے 41 وکٹیں حاصل کیں ہیں۔ کولکاتہ کے کپتان شریاس ائیر نے اپنی ٹیم کی جانب سے اس سیزن میں سب سے زیادہ 36 کی اوسط سے 324 رنز بنائے ہیں۔ انہوں نے اس سیزن کی 10 اننگز میں سات بار 20 یا اس سے زیادہ رنز بنائے ہیں جو ان کی مستقل مزاجی کو ظاہر کرتا ہے۔