آسٹریلیا نے ہیڈ کی سنچری کی بدولت پاکستان کے خلاف پہلا ون ڈے جیتا

لاہور، 30 مارچ (یو این آئی) آل راؤنڈر ٹریوس ہیڈ (101) کی دھماکہ خیز سنچری اور بین میکڈرماٹ (55) کی نصف سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے منگل کو یہاں تین میچوں پر مشتمل پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 88 رن سے شکست دیکر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ آسٹریلیا نے 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 313 رن بنانے کے بعد پاکستان 45.2 اووروں میں صرف 225 رنوں پر ڈھیر کردیا۔ ٹریوس ہیڈ کو سنچری بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔پاکستان کی جان ب سے اس کے اوپنر امام الحق (103) کی سنچری رائیگاں گئی۔ امام الحق نے 96 گیندوں کی اننگز میں چھ چوکے اور تین چھکے لگائے۔ کپتان بابر اعظم نے 72 گیندوں پر 57 رن بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے لیگ اسپنر ایڈم زمپا نے 38 رن دے کر چار جبکہ مشل سویپسن اور ٹریوس ہیڈ نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔ اس سے قبل ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے آئی مہمان ٹیم آسٹریلیا نے شاندار آغاز کی بنیاد پر بڑا اسکور بنایا۔ کپتان ایرون فنچ اور ٹریوس نے پہلی وکٹ کے لیے 110 رن کی زبردست شراکت داری کی جس نے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔ فنچ نے تاہم لمبی اننگز نہیں کھیلی اور 110 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے لیکن میک ڈرماٹ نے اسی تسلسل کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھائی۔ دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 61 رن جوڑے ہی تھے کہ 171 کے اسکور پر ٹریوس اپنا وکٹ گنوا دیا۔ انہوں نے 72 گیندوں میں 12 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 101 رن کی طوفانی سنچری بنائی۔ان کے آؤٹ ہونے کے بعد میک ڈرماٹ نے ذمہ داری سنبھالی اور رن کی رفتار کو رکنے نہیں دیا بلکہ 209 کے اسکور پر اپنا وکٹ بھی گنوا بیٹھے۔ وہ 70 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 55 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ پھر مڈل آرڈر اور نچلے آرڈر کے بلے بازوں نے اچھی شروعات کا فائدہ اٹھایا اور چھوٹی اہم شراکت کے ساتھ ٹیم کو 300 سے آگے لے گئے۔ مارنس لابوشین اور مارکس اسٹوئنس نے بالترتیب 25 اور 26 رن کی اننگز کھیلی اور پھر آخر میں آل راؤنڈر کیمرون گرین نے تابڑ توڑ انداز میں کھیلتےہوئے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے30 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 40 رن بنائے ، جس سے آسٹریلیا نے 313 رن پر اننگز ختم کی ۔پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور زاہد محمود نے دو دو جبکہ افتخار احمد اور خوش دل شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔