ریونت ریڈی تلنگانہ کے نئے وزیراعلیٰ ہوں گے

نئی دہلی، 5 دسمبر (یو این آئی) کانگریس کے سینئرلیڈر اور تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر ریونت ریڈی ریاست کے نئے وزیر اعلیٰ ہوں گے اور وہ جمعرات (7 دسمبر) کو حلف لیں گے۔کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے منگل کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں یہ جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی مبصر ڈی کے شیوکمار کی قیادت میں پیر کو حیدرآباد میں ایک میٹنگ ہوئی جس میں پارٹی کے تمام منتخب ایم ایل ایز نے حصہ لیا اور لیجسلیٹو پارٹی کے لیڈر کے انتخاب کا فیصلہ کیا گیا اور یہ ذمہ داری متفقہ طور پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کو سونپی گئی۔انہوں نے کہا کہ مسٹر کھڑگے نے آج تمام سینئر قائدین سے بات چیت کے بعد پارٹی کے ریاستی صدر ریونت ریڈی کو لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر قرار دیا۔ حلف برداری کی تقریب 7 دسمبر کو ہوگی۔مسٹر وینوگوپال نے کہا کہ حیدرآباد میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ ہوئی جس میں نو منتخب ایم ایل ایز نے کانگریس صدر کے ساتھ ساتھ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی، سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں ریاست میں بڑے پیمانے پر انتخاب کے دوران انتخابی جلسوں سے خطاب کیا تھا۔