
نئی دہلی، 7 مئی (یو این آئی) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ہندوستانی افواج نے آپریشن سندور کرکے ذریعہ پہلے سے منصوبہ بند دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو درستگی، چوکسی اور حساسیت کے ساتھ تباہ کرکے تاریخ رقم کی ہے۔ پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میں کیے گئے آپریشن سندور پر اپنے پہلے ردعمل میں مسٹر سنگھ نے زور دے کر کہا کہ اس آپریشن میں کسی شہری مقام کو معمولی نقصان بھی نہیں پہنچا۔ اس کا مقصد دہشت گردوں کو ختم کرکے دہشت گردی کی کمر توڑنا تھا۔
وزیر دفاع نے بدھ کو یہاں بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے مختلف منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے یہ بات کہی۔فوج نے صرف ہندوستان کو نقصان پہنچانے والوں کو مارا ہے۔ مسٹر سنگھ نے کہاکہ "جیسا کہ آپ سب جانتے ہیں، کل رات ہندوستانی افواج نے اپنی بہادری اور دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ ہندوستانی فوج نے درستگی، چوکسی اور حساسیت کے ساتھ کام کیا ہے، ہم نے جو اہداف مقرر کیے تھے، انہیں طے شدہ منصوبے کے مطابق درستگی کے ساتھ تباہ کر دیا گیا ہے۔ ہم نے اس بات کو یقینی بناتے ہوئے حساسیت کا مظاہرہ کیا ہے کہ کوئی بھی سویلین افسر یا آبادی متاثر نہ ہو۔"