شاہ نے سرحدی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ میٹنگ کی

نئی دہلی، 7 مئی (یو این آئی) پہلگام دہشت گردانہ حملے کے جواب میں مسلح افواج کے آپریشن سندور سے مشتعل پاکستان کی طرف سے لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر فائرنگ کے پیش نظر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بدھ کو یہاں سرحدی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ میٹنگ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا ۔ذرائع کے مطابق جموں و کشمیر، گجرات، پنجاب، اتراکھنڈ، راجستھان، بہار، اتر پردیش، مغربی بنگال اور سکم کے وزرائے اعلیٰ کے علاوہ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل اور چیف سیکرٹریز نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ اجلاس لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر پاکستان کی جانب سے فائرنگ میں شہریوں کو نشانہ بنائے جانے کے پیش نظر بلایا گیا تھا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ سرحدی علاقوں سے عام لوگوں کو جلد از جلد محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔ مسٹر شاہ نے اس بارے میں بارڈر سیکورٹی فورس کے ڈائریکٹر جنرل سے بھی بات کی ہے۔واضح رہے کہ آپریشن سندورکے بعد سے مشتعل پاکستانی فوج لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر مسلسل فائرنگ کر رہی ہے جس میں عام لوگوں کے جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔ بھارتی فورسز نے منگل کی رات پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میں آپریشن سندھ میں دہشت گردوں کے نو ٹھکانے تباہ کر دیے۔