3ریاستوں میں بی جے پی کو واضح اکثریت

مدھیہ پردیش ، راجستھان اور چھتیس گڑھ میں کانگریس کو شکست فاش ، تلنگانہ میں کانگریس کو ملی اکثریت ، ایم آئی ایم اپنی سات سیٹیں بچانے میں کامیاب نئی دہلی ،3؍دسمبر(ایجنسی)چار ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج اتوار کو دیر شام تک آ گئے ۔ جس میں تین ریاستوں میں مدھیہ پردیش ،راجستھان اور چھتیس گڑھ میں بی جے پی نے واضح اکثریت حاصل کرلی ہے اور اپوزیشن کو چاروں خانے چت کردی ہے۔وہیں تلنگانہ میں کانگریس نے بی آر ایس کو شکست دے کر اکثریت حاصل کی۔ مدھیہ پردیش میں بی جے پی 164سیٹیں حاصل کی ہیں۔ یہاں حکومت بنانے کے لیے 116سیٹوں کی ضرورت ہے۔ بی جے پی کو 37سیٹوں کا فائدہ ہوا ہے۔ وہیں کانگریس کو 31سیٹوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا اور 65سیٹوں میں وہ سمٹ گئی۔ وہیں راجستھان میں بی جے پی نے پچھلے نتائج کے مقابلے 44سیٹیں زیادہ حاصل کرتے ہوئے 115 سیٹوں پر قبضہ کیا ہے۔ یہاں حکومت بنانے کے لیے صرف 100 سیٹوں کی ضرورت ہے۔ کانگریس کو بھی یہاں 39سیٹوں کا نقصان ہوا ہے اور کانگریس کو صرف 69سیٹیں حاصل ہوئیں۔ چھتیس گڑھ میں بھی کانگریس کے ہاتھوں سے حکومت جاتی رہی ۔ یہاں کانگریس کو 36سیٹوں کا نقصان ہوا اور 35سیٹوں پر کانگریس سمٹ گئی ۔ یہاں بی جے پی کو 40سیٹوں کا فائدہ ہوا اور کل 54سیٹیں حاصل کیں۔ حکومت تشکیل دینے کے لیے 46سیٹوں کی ضرورت تھی۔ وہیں تلنگانہ میں کانگریس نے بی آر ایس کو شکست فاش دیتے ہوئے 64سیٹیں حاصل کر اکثریت حاصل کی۔ یہاں حکومت بنانے کے لیے 60سیٹوں کو ضرورت ہے۔ کانگریس کو یہاں 45سیٹوں کا فائدہ ہوا ہے۔ وہیں بی آر ایس کو 49سیٹوں کا نقصان ہوا ہے ۔ وہ 39سیٹ ہی حاصل کر سکی ۔ بی جے پی نے یہاں 8سیٹیں حاصل کی ہیں، وہیں مجلس اتحاد المسلمین نے اپنے ساتوں روایتی سیٹوں کو جیت کر برقرار رکھا ہے۔