جنوبی افریقہ کے خلاف ہندوستان نے میچ کو بنایا یکطرفہ، 243 رنوں سے جیت

کولکاتا،5؍نومبر(ایجنسی)عالمی کپ 2023 میں سبھی کو ہندوستان اور جنوبی افریقہ میچ کا انتظار تھا۔ یہ دونوں ہی ٹیمیں ٹورنامنٹ میں سب سے مضبوط تصور کی جا رہی ہیں اور پوائنٹس ٹیبل میں دونوں کو بالترتیب پہلا اور دوسرا مقام حاصل ہے، اس لیے ایک دلچسپ مقابلے کی امید تھی۔ لیکن ہندوستان نے آج کولکاتا کے ایڈن گارڈنس میں کھیلے گئے اس میچ کو پوری طرح سے یکطرفہ بنا دیا۔ ہندوستان نے وراٹ کوہلی کی 49ویں سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کے سامنے جیت کے لیے 326 رنوں کا ہدف رکھا، اور پھر افریقی ٹیم 27.1 اوورس میں محض 83 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ٹاس ہندوستانی کپتان روہت شرما نے جیتا تھا، اور جیسا کہ امید کی جا رہی تھی، پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ ایک بار پھر ہندوستانی کپتان شروع سے ہی جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے دکھائی دیے۔ انھوں نے جنوبی افریقہ کے تیز گیندبازوں پر کچھ اس انداز میں حملہ کیا کہ ہندوستانی ٹیم کا اسکور 5 اوورس میں ہی 60 رن کے پار کر گیا۔ پھر کگیسو رباڈا کی ایک گیند کو باؤنڈری پر پہنچانے کی کوشش میں کیچ تیندا بووما کو دے بیٹھے، جو کہ بہت آسان نہیں تھا لیکن جنوبی افریقی کپتان نے کوئی غلطی نہیں کی۔ روہت شرما نے محض 24 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 40 رن بنائے۔ جب وہ آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 5.5 اوورس میں 62 رن تھا۔روہت شرما کی بہترین شروعات کا نتیجہ یہ ہوا کہ پہلا پاور پلے یعنی 10 اوورس ختم ہونے کے بعد ہندوستانی ٹیم کا اسکور ایک وکٹ کے نقصان پر 91 رن تھا۔ شبھمن گل اور روہت شرما دونوں بہترین بلے بازی کر رہے تھے، لیکن کیشو مہاراج کی ایک بہترین گھومتی ہوئی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ انھوں نے 24 گیندوں پر 23 رن بنائے۔ پھر کوہلی اور شریئس ایر کے درمیان 134 رنوں کی انتہائی اہم شراکت داری ہوئی۔ شریئس نے 87 گیندوں پر 77 رنوں کا تعاون کیا۔ کے ایل راہل (8 رن) آج کچھ خاص نہیں کر سکے لیکن آخر کے کچھ اوورس میں سوریہ کمار یادو (14 گیندوں پر 22 رن) اور رویندر جڈیجہ (15 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 29 رن) کی طوفانی اننگ نے ٹیم کو 50 اوورس میں 5 وکٹ کے نقصان پر 326 رن تک پہنچا دیا۔ برتھ ڈے بوائے وراٹ کوہلی نے 121 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 101 رنوں کی اننگ کھیلی۔ اس سنچری کے ذریعہ انھوں نے سچن تندولکر کے وَنڈے میں سب سے زیادہ 49 سنچری کے عالمی ریکارڈ کی برابری بھی کر لی ہے۔