اسرائیل نے جنین میں الانصار مسجد پر کیا حملہ

غزہ،22؍اکتوبر(ایجنسی)اسرائیل کے غزہ میں حملے بڑھتے جا رہے ہیں اور وہ اب کسی مقام کو نہیں چھوڑ رہا۔اسرائیلی ڈیفنس فورس (آئی ڈی ایف) نے اتوار کو کہا کہ اس نے مغربی کنارے کے جنین میں واقع الانصار مسجد کے زیر زمین کمپلیکس پر فضائی حملہ کیا۔آئی ڈی ایف نے کہا کہ اس جگہ کو حماس اور اسلامی جہاد تحریکوں کے ارکان استعمال کرتے تھے۔ واضح رہے اس سے قبل اسرائیل پر اسپتال اور پھر گرجا گھر پر بمباری کرنے کے الزام ہیں جبکہ اسپتال پر بم گرانے سے وہ صاف انکار کرتا  رہا ہے۔آئی ڈی ایف نے کہا کہ ’’آئی ڈی ایف اور آئی ایس اے (اسرائیل سیکیورٹیز اتھارٹی) نے یہ حملہ کیا ہے۔ آئی ڈی ایف نے جنین میں الانصار مسجد میں زیر زمین دہشت گردوں کے ایک کمپاؤنڈ پر فضائی حملہ کیا۔ حماس اور اسلامی جہاد کے کارکن مسجد میں رہتے تھے اور اسے دہشت گردانہ حملوں کے لیے استعمال کرتے تھے۔ آئی ڈی ایف نے ٹیلی گرام پر کہا ’’مسجد کو دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی اور اس کو انجام دینے کے لیے کمانڈ سینٹر کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔