غزہ حملوں کے خلاف دنیا بھر میں مظاہرے

واشنگٹن،  19 اکتوبر (یو این آئی) امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں واقع کانگریس سے ملحقہ عمارت میں یہودیوں نے  داخل ہوتے ہوئے اسرائیل کے خلاف احتجاج  کیا ہے ۔مظاہرین  نے جنگ بندی پر مبنی بینر اتھا رکھے تھے اور غزہ کی ناکہ بندی ختم کرو،  صیہونیت فاشزم کے برابر ہے، امریکی یہودی اب غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کر رہے ہیں، کی نعرہ بازی کررہے تھے بعد میں امریکی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کردیا۔پولیس نے  300 امن کے حامی کارکنوں جو اسرائیل سے جنگ بندی کا مطالبہ اور فلسطین کی حمایت کررہے تھے کو حراست میں لیا ۔اسرائیل  کے ہسپتال پر حملے کے خلاف نیویارک اور شکاگو جیسے بڑے شہروں میں بھی  احتجاج کیا گیا۔ فلسطینی پرچم اٹھائے ہوئے مظاہرین نے اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ نیویارک میں ہونے والے مظاہرے میں بھی یہودی سب سے آگے تھے۔جوش پال، جنہوں نے امریکی محکمہ خارجہ میں "اتحادیوں اور شراکت داروں کو  ہتھیاروں کی فراہمی" یونٹ کے جنرل مینیجر کے طور پر کام کیا، نے بھی اپنے استعفیٰ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ملک کے اسرائیل نواز موقف کی  مزید حمایت نہیں کر سکتے۔کولمبیا کے صدر گستاو پیٹرو نے X سوشل میڈیا  پلیٹ فارم پر اپنی پوسٹ میں کہا ہے کہ غزہ میں الاہیلی بیپٹسٹ ہسپتال پر  اسرائیل کا حملہ جنگی جرم ہے جس کی بین الاقوامی سطح پر تحقیقات ہونی  چاہیے۔برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولادا سلوا نے بھی کہا کہ "الاہیلی بیپٹسٹ ہسپتال پر حملہ ناقابل معافی سانحہ ہے۔برازیل کے شہر ساؤ پالو میں بھی فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے اسرائیلی حملوں کے خلاف فلسطین کی حمایت میں بینرز اٹھا رکھے تھے۔چلی کے صدر گیبریل بوریچ نےاپنے دورہ چین کے دوران غزہ میں ہسپتال پر حملے کے حوالے سے پریس کو ایک بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ حماس کے ناقابل قبول حملوں کے پیش نظر غزہ میں اسرائیل کی بربریت کا کوئی جواز نہیں بنتا۔آئرلینڈ کے صدر مائیکل ہیگنز نے بھی کہا کہ اسرائیل کے غزہ میں الاہیلی بیپٹسٹ ہسپتال پر حملے کی یقینی طور پر جنگی جرم کے طور پر تحقیقات ہونی چاہیے۔برطانیہ میں چارلس ڈانس، لیام کننگھم اور ٹلڈا سوئٹن سمیت 2 ہزار سے زائد فنکاروں نے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرنے والے متن پر دستخط کیے ہیں۔کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں اسرائیلی قونصلیٹ جنرل کے سامنے جمع ہونے والے مظاہرین بھی غزہ میں اسرائیلی حکومت کے حملوں کی مذمت کے لیے اکٹھے ہوئے۔ مظاہرین نے جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور نعرے بازی کی۔اسپین کے شہر بارسلونا میں ہونے والے مظاہروں کے دوران غزہ کی پٹی بالخصوص الاہیلی بیپٹسٹ ہسپتال پر اسرائیل کے حملوں کے خلاف احتجاج کیا گیا۔اٹلی کے دارالحکومت روم میں فلسطین کی حمایت کا مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نےپرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور غزہ پر اسرائیل کے حملوں کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں ہزاروں افراد جمع ہوئے اور فلسطین کی حمایت اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔الجزائر کی فٹ بال فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے حملے کے  نتیجے میں، اس نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اپنی تمام سرگرمیاں اگلےاعلان تک معطل کر دی ہیں۔