غزہ کے الاہلی عرب ہسپتال پر اسرائیلی بمباری،500سے زائد جاں بحق

مسلم ممالک میں زبردست غم و غصہ ،اوآئی سی کی میٹنگ جاری ، ایران نے اسرائیل کو تیل دینے پر پابندی اوراسرائیلی سفارتکاروں کو باہر نکالنے کاکیا مطالبہ 
امریکی صدر جوبائیڈن اسرائیل دورے پر ،اسرائیل سے اظہار یکجہتی ،اسرائیل کو کلین چٹ دی ،صیہونی طاقتیں متحد 
غزہ ،18؍اکتوبر(ایجنسی)غزہ کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے الاہلی عرب ہسپتال کے احاطے میں بمباری کے نتیجے میں 500 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے ہسپتال کو نشانہ بنایا جس میں طبی عملہ، مریض اور پناہ لیے ہوئے عام شہری جاں بحق  ہوئے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق وہ اس حملے کی رپورٹ کا جائزہ لے رہے ہیں۔ہسپتال پر حملے کے بعد منظر عام پر آنے والی تصاویر میں بڑے پیمانے پر آگ، تباہی اور زمین پر بکھرے انسانی اعضاء نظر آرہے ہیں۔فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے حملے پر تین روزہ سوگ منانے کا اعلان کیا۔اسرائیل کی جانب سے غزہ پر فضائی حملوں کے نتیجے میں 7 اکتوبر سے اب تک تین ہزار سے زائد فلسطینی جاں بحق  ہو چکے ہیں۔اسرائیلی حملوں کے خلاف فلسطینیوں نے منگل کی رات مغربی کنارے کے کئی شہروں کی سڑکوں پر زبردست احتجاج کے دوران پتھراؤ کیا اور فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کے خلاف نعرے بازی کی۔ سیکورٹی فورسز نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور اسٹن گرینیڈ فائر کیے۔ہسپتال پر ہونے والے حملے سے مشتعل مظاہرین لبنان کے دارالحکومت بیروت میں امریکی سفارت خانے کے باہر جمع ہوئے، جہاں آگ زنی کے واقعات پیش آئے۔ ایک اور گروپ فرانسیسی سفارت خانے کے باہر جمع ہوا اور مبینہ طور پر عمارت پر پتھراؤ کیا۔لبنان کے حزب اللہ عسکریت پسند گروپ نے مسلمانوں اور عربوں سے 'شدید غصے کا اظہار کرنے کے لیے فوری طور پر سڑکوں اور چوراہوں پر نکل آنے کا مطالبہ کیا۔طرابلس اور لیبیا کے دیگر شہروں میں بھی سینکڑوں افراد فلسطینی پرچم اٹھائے جمع ہوئے اور غزہ والوں کی حمایت میں نعرے لگائے۔ایران کے دارالحکومت تہران میں برطانوی اور فرانسیسی سفارت خانوں کے ساتھ ہی ترکی اور اردن میں اسرائیلی سفارت خانوں کے باہر بھی احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں۔دنیا بھر میں اظہار کے خلاف شدید غم و غصہ پایاجارہا ہے۔ تاہم یوروپ کی عیسائی ممالک ، امریکہ ، برطانیہ سمیت دیگر سخت گیر ملکوں نے اسرائیل کو آنکھ بند کرکے تائید کی ہے۔ امریکی جوبائیڈن نے اسرائیل پہنچ کر اسرائیل سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ہسپتال میں حملہ کو اسلامی جہاد کو ملوث بتایا ہے۔ دوسری طرف امریکی صدر جوبائیڈن سے میٹنگ کو جارڈن نے منسوخ کردیا ہے۔ وہیں او آئی سی کی ہنگامی میٹنگ چل رہی ہے۔ جس میں ایران نے 57اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل پر تیل سپلائی بند کیاجائے اور اپنے اپنے ملکوں سے اسرائیلی سفارتکاروں کو باہر نکال دیا جائے۔ وہیں اسرائیل کی حمایت میں تمام صیہونی ممالک متحد ہو گئے ہیں۔