بحریہ کے لیے فرانس سے 26 رافیل ایم طیاروں کی خریداری کی منظوری

نئی دہلی، 13 جولائی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی کے فرانس کے دورے کے درمیان حکومت نے بحریہ کے لیے فرانس سے 26 رافیل ایم لڑاکا طیاروں اور تین اسکارپین کلاس آبدوزوں کی خریداری کو منظوری دے دی ہے۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی صدارت میں جمعرات کو یہاں منعقدہ دفاعی خریداری کونسل کی میٹنگ میں اس سلسلے میں ایک تجویز کو منظوری دی گئی۔ وزیر اعظم نریندر مودی آج صبح ہی فرانس کے سرکاری دورے پر روانہ ہوئے تھے۔ ان کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان کئی معاہدوں پر دستخط ہونے  ہیں۔ بحریہ کے لیے 26 رافیل ایم لڑاکا طیاروں کی خریداری سے متعلق معاہدے کا بھی امکان ہے۔ یہ طیارے ملک کے پہلے مقامی طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس وکرانت پر تعینات کیے جائیں گے۔ بحریہ نے آزمائشوں کے بعد رافیل ایم کو امریکی لڑاکا طیارے ایف-18 پر ترجیح دی ہے۔رافیل ایم طیاروں کی خریداری کی منظوری ضرورت کی بنیاد پر دی گئی ہے اور یہ طیارے فرانسیسی حکومت سے ایک بین الحکومتی معاہدے کے تحت خریدے جائیں گے۔ 
یہ طیارے متعلقہ آلات، ہتھیاروں، سمیلیٹروں، اسپیئرز، دستاویزات،  عملے کی تربیت اور لاجسٹک سپورٹ کے پیکیج کے تحت خریدے جائیں گے۔معاہدے کی قیمت اور شرائط پر فرانسیسی حکومت کے ساتھ تمام متعلقہ پہلوؤں اور دوسرے ممالک کو فروخت کیے گئے اسی طرح کے طیاروں کی قیمت کی بنیاد پر بات چیت میں طے کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ہندوستانی ضروریات پر مبنی آلات، دیکھ بھال، مرمت اور آپریشن ہب سے متعلق امور بھی بات چیت میں شامل کیے جائیں گے۔خریداری کونسل نے بحریہ کے لیے ضرورت کی بنیاد پر خرید (انڈین) زمرے کے تحت تین اضافی اسکارپین آبدوزوں کی خریداری کو بھی منظوری دی۔کونسل نے کیپٹل پروکیورمنٹ کیسز کے تمام زمروں میں دیسی مواد کو بڑھانے کے لیے رہنما خطوط کی تجاویز کی بھی منظوری دی۔ اس سے دفاعی شعبے میں خود انحصاری کے ہدف کو حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔رافیل ایم لڑاکا طیارے اور اسکارپین آبدوز کی خریداری سے بحریہ کی فائر پاور میں اضافہ ہوگا۔