لکھنؤ کورٹ میں فائرنگ,مختار انصاری کے قریبی کا گولی مار کر قتل وکیل کے لباس میں آئے تھے بدمعاش

لکھنؤ،07؍جون(ایجنسی) اس وقت کی بڑی خبر اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ سے ہے جہاں ایس سی-ایس ٹی کورٹ کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ وکیل کے لباس میں آئے شرپسندوں نے نوجوان کو گولی مار دی، جس میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ گولی گلنے والا سنجیو جیوا مختار انصاری کا قریبی بتایا جارہا ہے۔ عدالت میں فائرنگ کے اس واقعہ سے افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے اس واقعہ میں ایک لڑکی کو بھی گولی لگی ہے۔ مرنے والا آنجہانی برہمدت دویدی کے قتل کا ملزم تھا، جو کہ مختار انصاری کا قریبی بھی بتایا جارہا ہے۔ عدالت کے احاطے میں دن دیہاڑے فائرنگ کے اس واقعے کے بعد پولیس معاملے کی تحقیقات کے لیے پہنچ گئی۔پولیس ریکارڈ کے مطابق سنجیو مہیشوری عرف جیوا کے خلاف دو درجن سے زائد مقدمات درج تھے، جن میں سے سنجیو 17 مقدمات میں بری ہو گیا تھا، جب کہ اس کے گینگ میں 35 سے زائد لوگ ہیں۔ سنجیو پر جیل سے بھی گینگ چلانے کا الزام ہے۔ حال ہی میں اس کی جائیداد بھی انتظامیہ نے قرق کی تھی۔
سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ نے واقعہ کی جانچ کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے۔ 7 دن میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔ اے ڈی جی ٹیکنیکل موہت اگروال، نیلابجا چودھری اور ایودھیا کے آئی جی پروین کمار کو ایس آئی ٹی میں شامل کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے 15 اپریل کو مافیا عتیق احمد اور اس کے بھائی اشرف کو پریاگ راج میں پولیس حراست میں مار دیا گیا تھا۔ یعنی 53 دنوں میں پولیس حراست میں یہ تیسرا قتل ہے۔