راہل گاندھی کا مودی حکومت پر حملہ

نئی دہلی،13؍اپریل(ایجنسی) کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ایک مرتبہ پھر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ عوام مہنگائی اور بے روزگاری سے کتنا بھی پریشان ہو لیکن سوٹ بوٹ والی مودی حکومت کا صرف اور صرف ایک ہی ہدف ہے اور وہ ہے دوستوں کی تجوری مال سے بھری رہنی چاہئے!راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا ’’غریب طبقہ کی آمدنی 50 فیصد کم ہوئی، مڈل کلاس کی آمدنی 10 فیصد تک کم ہوئی، امیر طبقہ کی آمدنی 40 فیصد تک بڑھ گئی۔ عوام کو مہنگائی، بے روزگاری کتنا بھی تڑپائے، سوٹ بوٹ کی سرکار کا ایک ہی ٹارگٹ، متروں کی تجوری بھرتی جائے۔‘‘راہل گاندھی نے ٹوئٹ کے ساتھ گرافکس کا بھی اشتراک کیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ 2021 تک غریب طبقہ، مڈل کلاس کی آمدنی کم ہوئی اور اس دوران اپر مڈل کلاس اور امیر طبقہ اور زیادہ امیر ہو گیا۔ گرافکس کے مطابق سال 2016 سے 2021 کے دوران غریب طبقہ کی آمدنی 50 فیصد تک کم ہو گئی، جبکہ لوور مڈل کلاس کی آمدنی 30 فیصد تک گر گئی۔ مڈل کلاس کی آمدنی 10 فیصد تک گری، جبکہ اپر مڈل کلاس کی آمدنی 10 فیصد اور امیر طبقہ کی آمدنی بھی 40 فیصد بڑھ گئی۔دریں اثنا، کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے بھی اس موضوع پر ٹوئٹ کیا۔ انہوں نے لکھا ’’2014-15 سے 2021-22 کے درمیان سالانہ حقیقی مزدوری کی شرح نمو: کھیت مزدور 0.9 فیصد، تعمیری مزدور 0.2 فیصد، غیر زرعی مزدور 0.3 فیصد۔ لیکن گزشتہ 5 سال میں اڈانی کی دولت 1440 فیصد بڑھ گئی۔ متر کا ساتھ، متر کا وکاس!‘‘